Tahreek-e-Qalam Warangal to Organize ‘Jalsa-e-Yad-e-Raftagan’ in Tribute to Deceased Literary Personalities
تحریک قلم ورنگل کے زیر اہتمام "جلسۂ یاد رفتگان” کا انعقاد، مرحوم شعراء و ادباء کو خراجِ عقیدت ۔
ورنگل، 9 /جون:
ّ(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ادبی تنظیم تحریک قلم ورنگل کے زیر اہتمام "جلسۂ یاد رفتگان” کا انعقاد 13 جون 2026 بروز ہفتہ (سیکنڈ سنیچر) شام 7 بجے اسلامک انفارمیشن سنٹر، رائے پورہ، ہنمکنڈہ میں کیا جائے گا۔ اس منفرد ادبی نشست کا مقصد ان مرحوم شعراء، ادباء اور مصنفین کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کے حق میں دعائے مغفرت کا اہتمام کرنا ہے جنہوں نے طویل عرصہ تک ادبی دنیا میں نمایاں خدمات انجام دیں اور مختلف ادبی محفلوں کی رونق رہے۔
جلسے کی صدارت ڈاکٹر بہادر علی، سابق پرنسپل اسلامیہ ڈگری کالج ورنگل کریں گے، جبکہ ڈاکٹر انیس احمد صدیقی، صدر مینارٹی انٹلیکچوئل فورم و شانتی سنگھم ورنگل، ڈاکٹر رحیم رامیش کاغذ نگری اور جناب وہاج الحق، سابق امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ہنمکنڈہ خصوصی مہمانان کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔
منتظمین کے مطابق مشاعرے اور ادبی محافل تو منعقد ہوتی رہتی ہیں، تاہم تحریک قلم ورنگل نے اس مرتبہ ایک منفرد پروگرام ترتیب دیا ہے جس میں ان ادبی شخصیات کی یادوں کو تازہ کیا جائے گا جو اس دنیا سے رخصت ہوچکی ہیں۔ اس موقع پر ان کی ادبی خدمات، شخصیت اور فن پر روشنی ڈالی جائے گی اور ان کے لیے اجتماعی دعائے مغفرت بھی کی جائے گی۔
جلسے میں جن مرحوم ادبی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ان میں ڈاکٹر عزیز احمد عرسی، جناب نادر اسلوبی، جناب علی الدین گوہر، جناب خواجہ بے خود، جناب تاج مضطر، جناب اجمل محسن، ڈاکٹر فضل جاوید اور جناب صابر کاغذ نگری شامل ہیں۔
تحریک قلم ورنگل نے مرحومین کے رشتہ داروں، دوستوں، احباب اور رفقاء سے اپیل کی ہے کہ جو حضرات ان شخصیات کے فن اور شخصیت پر اظہار خیال کرنا چاہتے ہوں وہ 7 جون 2026 تک اپنا نام فون نمبر 9866574084 پر درج کروائیں تاکہ پروگرام کی بہتر منصوبہ بندی کی جاسکے۔ شعراء کرام کو منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کرنے کی بھی دعوت دی گئی ہے۔
ادبی تنظیم نے تمام شعراء، ادباء، مصنفین، باذوق حضرات اور معزز سامعین سے اس یادگار اور منفرد محفل میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
دستور نیوز ڈاٹ کام