تلنگانہ کے 138 عازمین حج کی دوسری ویٹنگ لسٹ جاری، پہلی قسط 14 ستمبر تک جمع کرانے کی اپیل
Second Waiting List Released for 138 Telangana Haj Pilgrims; Advance Instalment Due Before September 14
حیدرآباد: 2 /ستمبر
(دستور نیوز/راست)
تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا، ممبئی کے اعلامیہ کے مطابق تلنگانہ کے عازمین حج کی دوسری ویٹنگ لسٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں 138 عازمین حج کو منتخب قرار دیا گیا ہے۔
مولانا سید خسرو پاشاہ نے دوسری ویٹنگ لسٹ میں منتخب ہونے والے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ حج اخراجات کی پہلی پیشگی قسط کے طور پر 1,52,300 روپے فی کس کی رقم 14 ستمبر سے قبل لازمی طور پر جمع کروا دیں تاکہ آئندہ کارروائی بروقت مکمل کی جا سکے۔
تلنگانہ حج کمیٹی کے ایگزیکیٹیو آفیسر جناب محمد اسد اللہ نے بتایا کہ قرعہ اندازی اور ویٹنگ لسٹ میں منتخب عازمین حج کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی اطلاع فراہم کر دی گئی ہے۔
مولانا خسرو پاشاہ کے مطابق دوسری ویٹنگ لسٹ میں سلسلہ نمبر 695 تا 833 شامل ہیں اور اس فہرست کے تحت مجموعی طور پر 138 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منتخب عازمین حج پہلی قسط کی پیشگی رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا (SBI) یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی شاخ میں جمع کروا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے فراہم کردہ سویدھا ایپ کے ذریعے ای-پیمنٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے، جہاں عازمین حج کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور نیٹ بینکنگ کے ذریعہ رقم ادا کر سکتے ہیں۔
مزید تفصیلات کے لیے عازمین حج حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ ملاحظہ کر سکتے ہیں یا تلنگانہ حج کمیٹی کے دفتر، حج ہاؤز، نامپلی، حیدرآباد سے براہِ راست رجوع کر سکتے ہیں۔ دفتر کے فون نمبر 040-23298793 پر دفتری اوقات، صبح 10:30 بجے سے شام 5 بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔