صحافیوں کے لیے مکمل صحت اسکیم فوری نافذ کی جائے۔ ٹی یو ڈبلیو جے کے قائیدین نے وزیر دامودرا راج نرسمہا سے ملاقات کی۔
حیدرآباد:-21/اکتوبر
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ریاستی وزیر برائے طبی، صحت اور خاندانی بہبود سی۔ دامودرا راج نرسمہا سے تلنگانہ اسٹیٹ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (TUWJ) نے کیا مطالبہ ۔بروز منگل TUWJ ریاستی صدر وراحت علی کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر دامودرا راج نرسمہا اور صحت اور خاندانی بہبود کے ریاستی ڈائریکٹر آر وی کرنن سے بنجارہ ہلز میں واقع آروگیاسری دفتر میں ملاقات کی تاکہ صحافیوں کی صحت اسکیم کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔
اس موقع وراحت علی نے کہا کہ جب پچھلی بی آر ایس حکومت نے ای جے ایچ ایس اسکیم متعارف کرائی اور سرکاری ملازمین اور صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کیے تو اس اسکیم نےسال 2019 تک ٹھیک سے کام کیا۔ انہوں نے وزیر کی توجہ دلائی کہ وجوہات معلوم نہیں ہیں لیکن گزشتہ پانچ سالوں سے جب صحافی کارپوریٹ اسپتالوں میں علاج کے لیے جاتے ہیں تو انہیں ہیلتھ کارڈ دینے سے انکار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ریاست میں تقریباً 300 صحافی مختلف حادثات، کورونا وبا کے اور دیگر بیماریوں کی وجہ سے قبل از وقت موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اسکیم پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے صحافی علاج نہیں کروا پا رہے ہیں۔
انہوں نے وزیر دامودرا راجنارسمہا سے کہا کہ وہ فوری طور پر ہیلتھ اسکیم پر نظر ثانی کریں اور صحافیوں کو صحت کی حفاظت فراہم کریں۔ وزیر سے ملاقات کرنے والے TUWJ وفد میں ریاستی ڈپٹی جنرل سکریٹری کلکوری رامولو، ریاستی سکریٹریز وراکلا یادگیری، کومپلی سری کانت ریڈی، ریاستی خزانچی وینکٹ ریڈی، ہیلتھ کمیٹی کے کنوینر اے راجیش، HUJ کے صدر شیگا شنکر گوڑ شامل تھے۔
اس موقع پر وزیر دامودرا راج نرسمہا نے TUWJ وفد کو یقین دلایا کہ صحافیوں کو صحت اسکیم کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور اس بات کا تیقن دیا کہ وہ جلد ہی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی جائے گی جس میں سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے لیے صحت اسکیم کے مضبوط نفاذ کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس اسکیم کو ٹرسٹ کے ذریعے یا تھرڈ پارٹی ایجنسیوں کے ذریعے چلانے پر غور کر رہی ہے۔ وزیر نے واضح کیا کہ حکام سے ملاقات کے بعد صحافیوں اور ٹریڈ یونین کے عہدیداروں سے ملاقات کی جائے گی۔