CM Revanth Reddy Expresses Concern Over Current Situation in Western Asian Countries
مغربی ایشیائی ممالک کی موجودہ صورتحال پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی تشویش
حیدرآباد: یکم/مارچ
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
وزیر اعلیٰ تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے مغربی ایشیائی ممالک میں پیدا شدہ موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر وہاں مقیم تمام تلگو باشندوں کو ہر وقت محتاط اور محفوظ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ بیرونِ ملک رہنے والے تلنگانہ کے افراد حالات پر نظر رکھیں اور متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنگی ماحول اور کئی ممالک کے ہوائی اڈوں کی بندش کے باعث خاص طور پر ایران، دبئی اور دیگر خلیجی ممالک میں موجود تلگو باشندے متعلقہ سفارتی دفاتر کی ہدایات کو سنجیدگی سے لیں اور کسی بھی افواہ پر دھیان نہ دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ کے عوام کی سلامتی ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لئے موجودہ ہنگامی حالات کے پیش نظر حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مسلسل مرکزی حکومت سے رابطہ میں رہیں اور ہر صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مرکزی حکومت سے بھی اپیل کی کہ خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی درخواست کی کہ بیرونِ ملک موجود ہندوستانیوں کی سلامتی کے سلسلہ میں سفارتی دفاتر کے ذریعہ حالات کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور ضرورت پڑنے پر انہیں بحفاظت وطن واپس لانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
دستور نیوز ڈاٹ کام