ورنگل میں 20 اکتوبر 2024 کو کل ہند نعتیہ مشاعرہ

اضلاع کی خبریں قومی

ورنگل میں 20 اکتوبر 2024 کو کل ہند نعتیہ مشاعرہ

حیدرآباد/ورنگل:-17/اکتوبر
(دستور نیوز ڈاٹ کام)

مولانا محمد عتیق الرحمان اسعدی کی اطلاع کے بموجب مرکزی نعتیہ مشاعرہ کمیٹی ضلع ورنگل کی جانب سے 20 اکتوبر 2024 بروز اتوار ٹھیک 8 بجے شب بمقام عیدگاہ غنی عبد العزیز ایل بی نگر ورنگل میں عظیم الشان پیمانے پر کل ہند نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔
اس فقید المثال نعتیہ مشاعرہ کی سرپرستی مشفق العلماء حضرت مولانا محمد ہارون رشید صاحب قاسمی دامت بر کاتہم، محسن العلماء حضرت مولا نا محمد عبد الستار صاحب قاسمی دامت برکاتہم، فخر العلماء حضرت مولانا محمد یوسف زاہد صاحب مظاہری دامت برکا تہم فرمائیں گے ۔جبکہ شمس العلماء حضرت مولانا محمد فصیح الدین صاحب قاسمی رشادی صدر مرکزی نعتیہ مشاعرہ کمیٹی ضلع ورنگل صدارت فرمائیں گے۔

استاذ القراء حضرت حافظ و قاری محمد عبداللہ فاضل صاحب معتمد مرکزی نعتیہ مشاعرہ کمیٹی ورنگل کی حمایت اور محترم مولا نا محمد اعجاز الدین صاحب صدیقی صدر مرکز ی نعتیہ مشاعرہ کمیٹی حیدرآباد کی قیادت میں یہ مشاعرہ منعقد ہوگا۔

محترم جناب محمد صادق احمد صاحب صدر عید گا غنی عبدالعزیز و محترم جناب محمد عبد الله صاحب معتمد عید گاہ غنی عبد العزیز ایل بی نگر اس محفل مشاعرہ کی نگرانی فرمائیں گے۔

اس مشاعرہ میں ملک کے ممتاز و معروف شعراء کرام جن میں قابل ذكر حضرت مولانا قاری احسان محسن قاسمی یوپی، مولانا قمر الاسلام قمر صاحب اڑیسہ، قاری مزمل حیات صاحب بہار ، قاری محمد فیصل رشیدی صاحب لکھنؤ، قاری محمد اشفاق احمد صاحب بہرائچ ،مفتی محمد مشکور احمد صاحب قاسمی تلنگانہ، قاری محمد طارق جمیل صاحب قنوج اپنی مسحور کن آواز میں اپنا کلام سنانے کی سعادت حاصل کریں گے۔

خواتین کے لئے پردہ کا معقول انتظام رہے گا ۔مفتی محمد اظہر الدین صاحب حسامی نائب معتمد مفتی محمد عبد الحفيظ صاحب قاسمی خازن اور حافظ خواجہ رضی الدین صاحب نائب خازن نے متحدہ ورنگل کے تمام عاشقان محمد مصطفی و غلامانِ احمد مجتبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اس عظیم الشان مشاعرہ میں شرکت کرنے اور اس کے اخراجات کیلئے تعاون کی اپیل کی ہے۔