AIYF Launches Postcard Campaign in Warangal Against Railway Job Cuts
ورنگل میں اے آئی وائی ایف کی ریلوے ملازمتوں میں کٹوتی کے خلاف پوسٹ کارڈ مہم
حیدرآباد/ورنگل: 6/مئی
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
آل انڈیا یوتھ فیڈریشن (AIYF) ضلع ورنگل کونسل کی قیادت میں آج پوچمّا میدان سنٹر، اقبال مینار، ورنگل میں ریلوے ملازمتوں میں 2 فیصد کٹوتی کے خلاف ایک زبردست پوسٹ کارڈ مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کے ذریعے ہندوستانی ریلوے میں تقریباً 70 ہزار آسامیوں کی کٹوتی پر سخت احتجاج درج کروایا گیا اور تین لاکھ سے زائد خالی آسامیوں کو فوری پُر کرنے کے ساتھ ساتھ آر آر بی امتحانات کے زیر التواء نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
مہم کے دوران وزیر اعظم اور ریلوے وزیر کو 500 پوسٹ کارڈ روانہ کیے گئے، جن میں نوجوانوں نے ریلوے ملازمتوں سے متعلق مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر اپنی تشویش اور ناراضگی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے آئی وائی ایف کے ریاستی صدر ڈاکٹر سید ولی اللہ قادری نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ریلوے میں منظور شدہ جملہ آسامیوں کی تعداد 14,80,455 ہے، جبکہ اس وقت صرف تقریباً 10 لاکھ ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں 3 سے 4 لاکھ آسامیاں خالی ہیں۔ ایسے حالات میں ریلوے بورڈ کی جانب سے مزید 2 فیصد (29,608) ملازمتوں میں کٹوتی کا فیصلہ سراسر ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت لاکھوں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے بجائے ملازمتوں میں کمی کر رہی ہے، جو نوجوانوں کے مستقبل پر براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب اتنی بڑی تعداد میں آسامیاں خالی ہیں تو بھرتیاں کیوں نہیں کی جا رہیں؟ آر آر بی کے نتائج کیوں تاخیر کا شکار ہیں؟ اور ملازمتوں میں اضافہ کرنے کے بجائے کمی کیوں کی جا رہی ہے؟ کیا یہ اصلاحات ہیں یا روزگار کی تباہی؟

اے آئی وائی ایف نے اپنے مطالبات میں کہا کہ ریلوے کی تمام خالی آسامیوں کو فوری پُر کیا جائے، 2 فیصد کٹوتی کے فیصلے کو واپس لیا جائے، آر آر بی امتحانات کے نتائج فوری جاری کیے جائیں اور نوجوانوں کے لیے مستقل روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔
تنظیم نے خبردار کیا کہ اگر نوجوان مخالف پالیسیوں کو فوری طور پر واپس نہیں لیا گیا تو ملک گیر سطح پر بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔
اس پروگرام میں اے آئی وائی ایف ضلع ورنگل کے سکریٹری مسکا سدھیر، جگدیش، متین، ایم ڈی ابو، یوسف، رمیش اور دیگر نے شرکت کی۔
دستو ر نیوز ڈاٹ کام