Online Applications Invited for CM Overseas Scholarship 2026 for Minority Students
اقلیتی طلبہ کے لیے چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ 2026 کے تحت آن لائن درخواستیں مطلوب
ورنگل، /30 مئی :
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ضلع اقلیتی بہبود افسر ٹی۔ رمیش نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر اہتمام چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم (CMOSS) اسپرنگ سیزن 2026 کے تحت اقلیتی طلبہ سے آن لائن درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔ یہ اسکیم بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم، بالخصوص پوسٹ گریجویشن اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے والے اہل طلبہ کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے مسلم، عیسائی، سکھ، جین، بدھ اور پارسی برادری سے تعلق رکھنے والے طلبہ استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ایسے طلبہ جو امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کناڈا، سنگاپور، جرمنی، جنوبی کوریا، جاپان، فرانس اور نیوزی لینڈ کی تسلیم شدہ یونیورسٹیوں میں یکم جنوری 2026 تا 30 جون 2026 کے دوران پوسٹ گریجویٹ یا پی ایچ ڈی کورس میں داخلہ حاصل کرچکے ہوں، وہ اس اسکیم کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے، بشرطیکہ حکومت کی جانب سے مقررہ شرائط اور ضوابط کی تکمیل کرتے ہوں۔
ضلع اقلیتی بہبود افسر کے مطابق اہل امیدوار یکم جون 2026 سے 30 جون 2026 شام 5 بجے تک اپنی درخواستیں آن لائن ویب سائٹ پر داخل کرسکتے ہیں:
www.telanganaepass.cgg.gov.in
انہوں نے بتایا کہ آن لائن درخواست داخل کرنے کے بعد امیدواروں کو درخواست کی ہارڈ کاپی اور ضروری اسناد و دستاویزات 31 جولائی 2026 شام 5 بجے تک دفتر ضلع اقلیتی بہبود افسر، ورنگل میں جمع کرانی ہوں گی۔
اس اسکیم کے تحت منتخب امیدواروں کو 20 لاکھ روپے تک اسکالرشپ فراہم کی جائے گی، جبکہ ایک طرفہ فضائی سفر کے لیے 60 ہزار روپے تک کرایہ (یا اصل خرچ، جو بھی کم ہو) ادا کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو بیرونِ ملک تعلیم کے حصول میں مالی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹی۔ رمیش نے واضح کیا کہ دستاویزات کی جانچ کے دوران جعلی یا فرضی اسناد پیش کرنے والے امیدواروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمر، تعلیمی اہلیت، سالانہ آمدنی اور دیگر شرائط سے متعلق مکمل تفصیلات سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
ضلع اقلیتی بہبود افسر نے ورنگل کے اہل اقلیتی طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے حکومت کی اس اہم اسکیم سے استفادہ کریں۔
مزید معلومات کے لیے امیدوار ضلع اقلیتی بہبود افسر، ورنگل سے رابطہ کرسکتے ہیں یا فون نمبر 9398860995 پر تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ دفتر کا پتہ: دفتر ضلع اقلیتی بہبود، شاستری نگر، صوبیداری، ہنمکنڈہ۔
dastoor news