warangal collector census 2027

Warangal Collector Urges Public to Use Self Enumeration Facility for Census 2027

اضلاع کی خبریں
Warangal Collector Urges Public to Use Self Enumeration Facility for Census 2027
مردم شماری 2027 کے تحت سیلف انیومریشن عمل سے عوام فائدہ اٹھائیں:
ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا

حیدرآباد/ورنگل، 26 اپریل
(دستور نیوز ڈا ٹ کام)

بھارت مردم شماری 2027 کے تحت شروع کیے گئے سیلف انیومریشن (Self Enumeration) عمل سے ضلع کے عوام بھرپور استفادہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے اتوار کے روز کلکٹریٹ میں منعقدہ پریس میٹ کے دوران کیا۔

اس موقع پر ضلع سطح کے عہدیداروں، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نمائندوں کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے سیلف انیومریشن طریقہ کار اور اس کی اہمیت سے تفصیلی طور پر واقف کروایا گیا۔

کلکٹر نے بتایا کہ مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلہ میں گھروں کی گنتی کے سلسلہ میں 26 اپریل سے 10 مئی تک عوام کو سیلف انیومریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے حکومت نے یہ آن لائن نظام متعارف کروایا ہے، جس کے تحت شہری خود اپنے خاندان کی مکمل معلومات آن لائن درج کر سکتے ہیں۔

warangal collector census 2027

انہوں نے کہا کہ اس نظام سے وقت کی بچت، درست اعداد و شمار اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔

ڈاکٹر ستیہ شاردا نے بتایا کہ شہری سب سے پہلے https://se.census.gov.in ویب سائٹ کھولیں، وہاں سیلف انیومریشن (HLO) لاگ ان کے ذریعہ تلنگانہ منتخب کریں، کیپچا درج کرکے ویریفائی اور پروسیڈ پر کلک کریں۔

اس کے بعد ویلکم پیج پر خاندان کے سربراہ کا نام اور موبائل نمبر درج کرنا ہوگا۔ ایک خاندان کے لیے صرف ایک موبائل نمبر استعمال کیا جائے گا۔ موصول ہونے والا او ٹی پی درج کرکے ویریفائی کرنے کے بعد آگے بڑھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عوام اپنی پسند کی زبان منتخب کرسکتے ہیں اور بعد ازاں ضلع، شہر یا گاؤں، پن کوڈ اور دیگر معلومات درج کریں۔ موبائل میں لوکیشن آن کرکے اپنے مکان کے مقام پر ریڈ مارک سیٹ کرنا ہوگا۔
کلکٹر کے مطابق مکان سے متعلق 33 سوالات کے جوابات دینے کے بعد تفصیلات کا جائزہ لے کر سبمٹ کرنا ہوگا۔ اس کے بعد H سے شروع ہونے والا 11 ہندسوں پر مشتمل SE ID جاری ہوگا، جسے اسکرین شاٹ یا نوٹ کرکے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 11 مئی کے بعد جب مردم شماری عملہ گھر پہنچے گا تو یہ SE ID دکھانے پر وہ تفصیلات کی منظوری دیں گے۔

کلکٹر نے کہا کہ خاندان کے تمام افراد کی معلومات، تعلیم، روزگار، رہائشی حالات اور دیگر تفصیلات درست طور پر درج کرنا بے حد ضروری ہے، کیونکہ انہی اعداد و شمار کی بنیاد پر مستقبل کی سرکاری اسکیمات مرتب کی جاتی ہیں۔

انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے گاؤں اور وارڈ سطح پر شعوری پروگرام منعقد کیے جائیں۔ میڈیا نمائندوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ سیلف انیومریشن کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کریں۔

ضلع میں سیلف انیومریشن عمل کو کامیاب بنانے کے لیے تمام محکمہ جات کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس موقع پر بیداری مہم کے تحت کیپس بھی تقسیم کیے گئے۔

اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر ریونیو جی سندھیارانی، ایڈیشنل کلکٹر لوکل باڈی وائی وی گنیش، زیڈ پی سی ای او رام ریڈی، ڈی بی سی ڈی پشپلتہ، درگ راج سبھاش، مختلف محکمہ جات کے افسران، کلکٹریٹ اسٹاف اور میڈیا نمائندے شریک تھے۔

دستور نیوز ڈاٹ کام