Congress Leader Advocate Mohammed Jamal Sharif Seeks Key Party Responsibilities After 32 Years of Service
32 سال سے کانگریس کی بے لوث خدمت کرنے والے ایڈوکیٹ محمد جمال شریف کو اہم ذمہ داریاں سونپنے کا مطالبہ
حیدرآباد/جنگاؤں
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
کانگریس پارٹی کی گزشتہ تین دہائیوں سے مسلسل خدمات انجام دینے والے سینئر قائد، ریاستی نائب صدر اقلیتی شعبہ ٹی پی سی سی، ایڈوکیٹ محمد جمال شریف کو ضلع جنگاؤں سے پارٹی میں نامزد عہدہ اور اہم ذمہ داریاں سونپنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈوکیٹ محمد جمال شریف نے گزشتہ روز گاندھی بھون، حیدرآباد میں ٹی پی سی سی صدر جناب مہیش کمار گوڑ ایم ایل سی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے پارٹی صدر کو شال پوشی کرتے ہوئے گلدستہ پیش کیا اور اپنا تفصیلی بایو ڈیٹا بھی پیش کیا۔
اس ملاقات کے دوران تلنگانہ اردو اکیڈمی کے چیئرمین جناب طاہر بن حمدان، عبدالنعیم، احمد، رفیع، عبدالمنان رضی، انصار اور دیگر قائدین موجود تھے۔
محمد جمال شریف کا تعلق ضلع جنگاؤں (سابقہ ضلع ورنگل) سے ہے۔ انہوں نے کم عمری ہی سے سماجی خدمات میں دلچسپی لی اور طالب علمی کے زمانے سے این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس سے وابستگی اختیار کرلی۔ وہ 1994 سے مسلسل 32 سال سے کانگریس پارٹی کے لیے سرگرم خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1992 میں این ایس یو آئی سے کیا، جبکہ 1994-95 میں متحدہ ورنگل ضلع یوتھ کانگریس کے کارکن کے طور پر کام کیا۔ بعد ازاں 1996 سے 1998 تک اے پی سی سی اقلیتی سیل کے سکریٹری منتخب ہوئے۔ 2003 تک متحدہ ورنگل ضلع اقلیتی سیل کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
سال 2017 میں جنگاؤں ضلع اقلیتی سیل کے صدر منتخب ہوئے، جبکہ 2023 میں اسی عہدہ پر برقرار رکھتے ہوئے ریاستی مائناریٹی کانگریس کے نائب صدر مقرر کیے گئے۔
تلگودیشم اور بی آر ایس حکومت کے ادوار میں بھی محمد جمال شریف نے کانگریس پارٹی کے منشور کی بھرپور تشہیر کی اور مسلمانوں و اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران ان پر متعدد مقدمات درج کیے گئے اور جیل بھی جانا پڑا، تاہم وہ اپنے نظریات پر ثابت قدم رہے۔
تلنگانہ تحریک کے دوران انہوں نے متحدہ ورنگل ضلع میں مسلمانوں کو تحریک کا حصہ بنانے کے لیے سرگرم کردار ادا کیا۔ دہلی کے جنتر منتر سمیت مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں میں شرکت کی۔
2023 کے اسمبلی انتخابات میں بھونگیر پارلیمانی حلقہ کے مختلف اسمبلی حلقوں میں کانگریس امیدواروں کی کامیابی کے لیے متعدد میٹنگس اور جلسوں کا اہتمام کیا۔ اسی طرح 2024 کے پارلیمانی انتخابات میں بھونگیر حلقہ سے اقلیتی سیل کے کوآرڈینیٹر مقرر کیے گئے، جہاں کانگریس امیدوار چاملہ کرن کمار ریڈی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد جمال شریف سماجی خدمات میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ وہ ہر سال عید اور دیگر تہواروں کے موقع پر غریبوں میں راشن اور کپڑوں کی تقسیم کرتے ہیں۔ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خون عطیہ کیمپ اور امدادی پروگرام منعقد کرتے ہیں، جبکہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی برسیوں پر غریبوں میں میوہ جات تقسیم کرتے ہیں۔
تعلیمی میدان میں بھی انہوں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ 1985 میں انٹرمیڈیٹ، 1989 میں گریجویشن اور 2010 میں قانون کی تعلیم مکمل کی۔ اس کے علاوہ عثمانیہ یونیورسٹی سے ایم اے اردو اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد سے اردو صحافت میں ڈپلومہ حاصل کیا۔ پیشہ کے لحاظ سے وہ ایک وکیل ہیں۔
اس موقع پر محمد جمال شریف نے کہا کہ ان کی سیاست کا مقصد ہمیشہ عوام کی خدمت اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے جدوجہد رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے ساتھ ان کا 32 سالہ سفر وفاداری، قربانی اور محنت کی روشن مثال ہے، اور اگر پارٹی مزید ذمہ داریاں سونپتی ہے تو وہ دن رات پارٹی منشور کی ترویج کے لیے کام کریں گے۔
دستور نیوز ڈاٹ کام