BRS Party Hosts Iftar in Hanamkonda, Emphasizes Communal Harmony and Brotherhood
ہنمکنڈہ میں ٹی آر ایس پارٹی کے جانب سے افطار دعوت کا اہتمام، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنے پر زور
حیدرآباد/ہنمکنڈہ، 18 /مارچ
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں مذہبی ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دینے کے مقصد سے ضلع ہنمکنڈہ کے بالاسمدرم علاقہ میں بی آر ایس پارٹی کے ضلعی دفتر میں ایک پروقار افطار دعوت کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ تقریب سابق چیف وِپ اور بی آر ایس پارٹی ہنمکنڈہ ضلع کے صدر داسیَم وِنے بھاسکر کی جانب سے بدھ کی شام منعقد کی گئی، جس میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات، عوامی نمائندوں اور پارٹی قائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے ماہِ مقدس رمضان کی اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مبارک مہینہ صبر، ایثار، ہمدردی اور انسانیت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا اصل پیغام محبت، بھائی چارہ اور باہمی احترام ہے، جسے معاشرے میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سابق چیئرمین مَرّی یادو ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہر انسان کی زندگی خوشیوں سے بھر جائے اور یہ مقدس مہینہ سب کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ بنے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت کی رحمتیں تمام انسانوں پر نازل ہوں اور معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ بنے۔

سابق کارپوریٹر داسیَم وجئے بھاسکر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست اپنی مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی روشن مثال ہے، جہاں مختلف مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے والی طاقتوں سے ہوشیار رہیں اور اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر سال ماہ رمضان کے موقع پر افطار دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا رہے گا تاکہ مختلف طبقات کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس بابرکت مہینے میں تمام لوگوں کی زندگیوں میں خوشیاں آئیں گی اور اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتیں نصیب ہوں گی۔

اس تقریب میں کارپوریٹرز سُودا کرن، سنکو نرسنگ راؤ، گریٹر ورنگل کے سابق ڈپٹی میئر سراج الدین، مغربی حلقہ کے کوآرڈینیٹر پُلی رجنی کانت، سابقہ کارپوریٹیرو سینیر قائد سید مسعود، نعیم الدین، خلیل، زبیر اسماعیل، قمروُالنسا، نعیم زبیر، زبیرعلی، تککلا پلی ونیل راؤ سمیت دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
dstoornews.com