مغربی حلقہ کی ترقی اولین ترجیح، رکن اسمبلی ناینی راجندر ریڈی نے ایک ہی دن میں 9.37 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا
Warangal West Constituency a Top Priority: MLA Naini Rajender Reddy Launches ₹9.37 Crore Development Works in One Day


ہنمکنڈہ، 2 /مارچ
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
حلقہ اسمبلی ورنگل مغرب کو ہر شعبہ میں ہمہ جہتی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کے ساتھ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل جاری ہے۔ رکن اسمبلی ناینی راجندر ریڈی نے پیر کے دن 48 اور 49 ڈویژنوں میں تقریباً 9 کروڑ 37 لاکھ روپئے مالیت کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔
رکن اسمبلی نے بتایا کہ 7 کروڑ 50 لاکھ روپئے کی لاگت سے این آئی ٹی سے لوٹس کالونی تک آر اینڈ بی سڑک کی تعمیر شروع کی گئی ہے، جس کے دونوں جانب اسٹریٹ لائٹنگ کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔ اسی طرح 48 ویں ڈویژن میں 50 لاکھ روپئے سے اندرونی سڑکوں کی تعمیر اور ایک کروڑ 37 لاکھ روپئے کی لاگت سے لو لیول بریج کی تعمیر کا آغاز کیا گیا۔

اس موقع پر ریاستی حج کمیٹی کے صدر و سجا دہ درگاہ قاضی پیٹ سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشا اور ضلع ہنمکنڈہ کی کلکٹر چاہت باجپائی بھی موجود تھے۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ حلقہ کی ترقی ہی ان کا اولین مقصد ہے اور صرف سنگ بنیاد رکھنے تک محدود نہ رہتے ہوئے زمینی سطح پر کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی برسوں سے زیر التوا این آئی ٹی سڑک کی تعمیر شروع ہونے سے عوام کی دیرینہ خواہش پوری ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ درگاہ علاقہ گاندھی نگر میں واقع شمشان گھاٹ کی سڑک کئی برسوں سے عوام کا مسئلہ بنی ہوئی تھی، جس کے حل کیلئے زمین کی منظوری حاصل کر کے سڑک کی تعمیر کا راستہ ہموار کیا گیا۔ اسی طرح درگاہ ریلوے گیٹ سے کڈی پیکونڈہ تک سڑک کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے کام کو آسان بنایا گیا ہے۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ تمام ڈویژنوں میں اندرونی سڑکوں اور سی سی نالیوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور درگاہ کے اطراف کے علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبے نافذ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ترقیاتی کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کریں اور گمراہ کن باتوں پر یقین نہ کریں۔

اس پروگرام میں کارپوریٹرس مانسا رام پرساد، ڈاکٹر ستراج بیگم، سابق کارپوریٹر ایڈوکیٹ ابوبکر، سینئر قائدین امر، کٹا رگھوپال ریڈی، مٹیڈا کمار، سنگراپو روی پرساد، ملا ریڈی اور دیگر قائدین و عہدیداران شریک تھے۔
دستور نیوز ڈاٹ کام