ریئل کاز این جی او دہلی کی جانب سے اکبر ضیاء کے اعزاز میں شعری نشست کا انعقاد
نئی دہلی:-
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
دہلی کی علمی اور ادبی سرزمین اوکھلا ذاکر نگر میں یونس سیفی کیف کی دعوت پر ریاست تلنگانہ حیدر آباد سے تشریف لائے معروف شاعر و صحافی اکبر ضیاء کے اعزاز میں ریئل کاز این جی او کی جانب سے کامران صدیقی صاحب کی رہائش گاہ پر ایک شاندار شعری نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ اس نشست کی صدارت مولانا عبد المنان کاتب قاسمی نے فرمائی اور نظامت کے فرائض اسرار رازی نے اپنے منفرد اندازمیں ادا کیے۔
نشست کا آغاز صدر محفل مولانا عبد المنان کاتب قاسمی کی تلاوت کلام پاک اور بزرگ شاعر ساز دہلوی کے نعتیہ اشعار سے ہوا ۔ باذوق اور سخن فہم سامعین کی موجودگی نے اس شعری نشست کو ایک یادگار محفل بنا دیا۔ اس محفل میں شامل شعراء اور شاعرات نے اپنا منتخب کلام پیش کیا جسے سامعین نے خوب دادو تحسین سے نوازا۔
اس محفل کے انعقاد میں کنوینر یونس سیفی کیف اور کامران صدیقی کا اہم رول رہا۔
شعراء کا منتخب کلام پیش خدمت ہے-
کسی سے ملو تو ملو رفتہ رفتہ
حدیثِ دل و جاں کہو رفتہ رفتہ
عبد المنّان کاتب قاسمی
تتلیاں ساز چھیڑ کرتی ہیں
اس کے لب ہائے شہد بار کے ساتھ
ساز دہلوی

نفرت کے صحرا سے ہو کر جب لو آتی ہے
انسانوں کے خون سے ہم کو خوشبو آتی ہے
راجیو ریاض

گھر کی رونق بڑھا دیجیے
سب کو اردو سکھا دیجیے
اکبر ضیاء (حیدر آباد)

جنونِ شوق میں مجھ کو کوئی خبر نہ رہی
میں اپنے پاؤں کے چھالوں کو دیکھتا کیسے
وحید عازم

چارہ گر سچ تو بتا دے مجھ کو
زخم کیا واقعی بھر جاتے ہیں
مجیب قاسمی

سچ کا انجام ہے اور کیا
دار ہے یا قفس اور بس
محبوب امین

مرے احساس سے غم کی فراوانی نہیں جاتی
محبّت مر بھی جائے تو مہربانی نہیں جاتی
نسیم بیگم نسیم

فرحین آرہا ہے دشمن پہ پیار ہم کو
کھائے فریب ہم نے اس درجہ دوستی کا
فرحین اقبا ل

مہر و وفا کی قدر کہاں ہے
سب کچھ پیسہ دیکھ رہی ہوں
چشمہ فاروقی

اللہ خواب رات کا ہو جائے دن میں سچ
قاصد کھڑا ہوا تھا جو نکلے تھے گھر سے ہم
یونس سیفی کیف

یہ تو سچ ہے کہ مرا راز بتاتی بھی نہیں
میری آنکھیں مرے اشکوں کو چھپاتی بھی نہیں
عزیزہ مرزا

پاک ہوتا ہے بدن خاکِ وطن کو مَل کر
جب وضو کے لیے ہم کو نہیں ملتا پا نی
اسرار رازی

اس کے علاوہ اس محفل میں محترمہ عزّہ معین نے اپنی بے مثال معرّا نظم "تنہائی” پیش کی جس کو سامعین نے خوب داد و تحسین سے نوازا۔

آخر میں صدر محفل عبد المنان کاتب قاسمی نے اس کامیاب شعری نشست کو سراہتے ہوئے اس طرح کی نشستوں کے انعقاد پر زور دیا اور نئی نسل کو اردو زبان ادب سے روشناس کرانے کی تاکید بھی کی۔
اس یادگار اور مثالی شعری نشست میں جن سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ان میں رئیس احمد بٹلہ ہاؤس؛ مہمان اعزازی افتخار علی آصف حیدر آباد؛ رضوان سیفی،، افراہیم سیفی، زبیر سیفی شامل تھے۔ آخر میں میزبان کامران صدیقی نے شعرائے کرام اور سامعین کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی ایسی محفلیں برپا کرتے رہنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ محفل دس بجے شب اختتام پزیر ہوئی اس کے بعد طعامِ شبینہ کا اہتمام کیا گیا۔