MPJ Extends Full Support to Government Machinery in Electoral Rolls Special Intensive Revision
ایم پی جے کی الیکشن کمیشن کے SIR عمل کی بھرپور تائید، شفاف ووٹر فہرستوں پر زور

حیدرآباد/ہنمکنڈہ:
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (MPJ) ہنمکنڈہ نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی نگرانی میں جاری انتخابی فہرستوں کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے عمل میں سرکاری مشینری کو اپنی مکمل اور باضابطہ حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں ایم پی جے کی جانب سے منڈل ریونیو آفیسر (MRO)، ہنمکنڈہ کو ایک تحریری مکتوبِ حمایت پیش کیا گیا، جس میں بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) اور زمینی سطح پر خدمات انجام دینے والی ٹیموں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
ایم پی جے کے نمائندوں نے بتایا کہ تنظیم کے رضاکار ووٹر لسٹ کی جانچ، میپنگ، عوامی بیداری اور دستاویزی کارروائیوں میں BLO ٹیموں کے شانہ بشانہ کام کریں گے، اور یہ تعاون اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے عمل کی تکمیل تک جاری رہے گا۔ تنظیم نے واضح کیا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد جمہوری نظام کو مزید مستحکم بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر اہل ووٹر کا نام درست، شفاف اور منصفانہ طریقے سے انتخابی فہرست میں شامل ہو۔
ایم پی جے نے اس موقع پر آئینی اداروں کے ساتھ تعمیری تعاون، شفافیت، شمولیت اور انتخابی عمل کی درستگی کے تئیں اپنے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔
مکتوبِ حمایت پیش کرنے کے موقع پر ایم پی جے ہنمکنڈہ کی ٹیم کے اراکین میں محمد عبد القدوس (صدر، ایم پی جے ہنمکنڈہ)، محمد ماجد فرید (جنرل سیکریٹری، ایم پی جے ہنمکنڈہ)، محمد کلیم خان (کلسٹر انچارج، ایم پی جے ہنمکنڈہ)، ڈاکٹر جلیل احمد، محمد جمیل الدین افروز، محمد عارف، محمد عابد، شفیع احمد، ایم ڈی انکش پاشا اور محمد عامر (کلسٹر کوآرڈینیٹر) موجود تھے۔
دستور نیوز ڈاٹ کام