mujahid demand action against nitish kumar

Demand for Action Against Nitish Kumar Over Forcible Removal of Hijab of Muslim Woman Doctor Nusrat Parveen

اضلاع کی خبریں
Demand for Action Against Nitish Kumar Over Forcible Removal of Hijab of Muslim Woman Doctor Nusrat Parveen
مسلم خاتون ڈاکٹر نصرَت پروین کا حجاب زبردستی ہٹانے پر نتیش کمار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

 

حیدرآباد/حضور آباد:-
(دستور نیوزڈاٹ کام)

 

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے مسلم خاتون ڈاکٹر نصرَت پروین کا حجاب زبردستی ہٹانے کے واقعہ پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے متحدہ اضلاع کریم نگر مسجد، عیدگاہ و قبرستان مینجمنٹ کمیٹی صدور اسوسی ایشن کے صدر محمد مجاہد حسین نے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو اور بہار کے گورنر عارف محمد خان کو باقاعدہ نمائندگی (ریپریزنٹیشن) روانہ کی ہے۔

محمد مجاہد حسین نے کہا کہ پیر کے روز بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے دفتر میں آیوش ڈاکٹروں کو تقرری نامے تقسیم کیے جا رہے تھے۔ اسی دوران آیوش ڈاکٹر کے طور پر مقرر کی گئی ڈاکٹر نصرَت پروین برقع اور حجاب میں تقریب میں شریک ہوئیں، جن کا حجاب وزیر اعلیٰ نے زبردستی ان کے چہرے سے ہٹا دیا، جو نہایت غیر منصفانہ، قابلِ مذمت اور آئینی اقدار کے منافی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ریاست کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز شخص کی جانب سے کسی مسلم خاتون کا حجاب زبردستی ہٹانا اس کی مذہبی آزادی اور شخصی وقار کی صریح خلاف ورزی ہے۔ محمد مجاہد حسین نے اس واقعہ پر شدید افسوس اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خلاف مناسب قانونی اور آئینی کارروائی کی جائے، تاکہ آئندہ اس نوعیت کے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بہار میں آیوش ڈاکٹروں کی بڑے پیمانے پر تقرری کے عمل کے تحت وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں چند ڈاکٹروں کو تقرری نامے دیے جا رہے تھے، اسی موقع پر ڈاکٹر نصرَت پروین کے ساتھ یہ ناروا سلوک پیش آیا۔ اس واقعہ پر مسلم سماج میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

محمد مجاہد حسین نے واضح کیا کہ انہوں نے آج اس معاملے پر صدرِ جمہوریہ اور بہار کے گورنر کو تحریری شکایت روانہ کر کے انصاف کی اپیل کی ہے، تاکہ ایک خاتون کی عزت، مذہبی آزادی اور آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔