Appeal to celebrate Eid-ul-Adha in a peaceful atmosphere – Warangal Police Commissioner Sanpreet Singh
عید الاضحی پر امن ماحول میں منانے کی اپیل – ورنگل پولیس کمشنر سنپریت سنگھ
حیدرآباد/ورنگل:- 5 /جون
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ورنگل پولیس کمشنر سنپریت سنگھ نے کہا ہے کہ ورنگل کمشنریٹ حدود میں عید الاضحی (بکرعید) کے تہوار کو پرامن ماحول میں منانے کے لئے تمام طبقات تعاون کریں۔ انہوں نے جمعرات کو پولیس کمشنریٹ دفتر میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا، جس میں تینوں شہروں کے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنما، سرکاری عہدیداران اور متعلقہ شعبوں کے افسران شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ ورنگل شہر میں تمام مذاہب کے افراد باہمی احترام کے ساتھ تہوار مناتے ہیں، اور پولیس کو مکمل تعاون فراہم کرتے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ پیش آئے۔

اس موقع پر پولیس کمشنر نے کہا کہ عید الاضحی کے سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے سیکورٹی بندوبست کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں، اور اگر ایسی کوئی بات سامنے آئے تو فوری طور پر پولیس سے رجوع کریں۔ کسی بھی شخص کے خلاف، جو امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کرے یا سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلائے، سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔کمشنر نے مزید کہا کہ پچھلے سالوں کی شکایات کی بنیاد پر امسال پہلے ہی احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ مسائل پیش نہ آئیں۔
گریٹر ورنگل میونسپل کمشنر اشونی تاناجی واکڈے نے کہا کہ عید کے دن جانوروں کے فضلے کی صفائی کے لیے صبح سے ہی اضافی میونسپل گاڑیاں کام میں لائی جائیں گی تاکہ صفائی کا بہتر انتظام ممکن ہو۔اجلاس میں سجادہ قاضی پیٹ درگاہ اور تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی چیئرمین سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشا،سنٹرل زون ڈی سی پی شیخ سلیمہ، ایسٹ زون ڈی سی پی انکت کمار، اے سی پیز جتیندر ریڈی، نندیرام نائیک، پرشانت ریڈی، تلنگانہ آرچک سنگھ کے ریاستی صدر گنگو اوپندر شرما، جانوروں کی فلاح و بہبود کے محکمہ کے جوائنٹ ڈائریکٹر، پولیس انسپکٹرز، میونسپل اور ریونیو حکام نے بھی شرکت کی۔
