A Drug-Free Society Is Our Common Goal — Warangal Police Commissioner Sunpreet Singh
منشیات سے پاک سماج ہمارا مشترکہ مقصد ۔کمشنر پولیس ورنگل سن پریت سنگھ

حیدرآباد/ورنگل:
(دستور نیوزڈاٹ کام)
کمشنر پولیس ورنگل سن پریت سنگھ نے کہا کہ منشیات سے پاک سماج کی تعمیر ہم سب کا مشترکہ ہدف ہے۔ ورنگل پولیس کمشنریٹ کی حدود میں منشیات کے استعمال اور اس کی غیر قانونی فروخت کے تدارک کے لیے جاری کوششوں کے تحت، ڈرگز کنٹرول ٹیم کی نگرانی میں “SAY NO TO DRUGS” کے عنوان سے تیار کردہ آگاہی پمفلٹس کا کمشنر نے جمعرات کے روز کمشنریٹ دفتر میں اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں اجراء کیا۔
اس موقع پر کمشنر پولیس نے کہا کہ منشیات کے استعمال سے نوجوانوں کا مستقبل خطرے میں پڑ رہا ہے، اس لیے نوجوان نسل کی حفاظت ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات کی روک تھام میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ اگر کوئی شخص منشیات کی خرید و فروخت یا استعمال میں ملوث پایا جائے تو فوری طور پر 8712584473 یا 8712685299 پر اطلاع دیں۔ اطلاع فراہم کرنے والے افراد کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
کمشنر نے زور دے کر کہا کہ عوامی تعاون سے ہی منشیات کے خلاف جنگ کامیاب ہوسکتی ہے اور ایک صحت مند، محفوظ اور روشن مستقبل کا قیام ممکن ہے۔اس موقع پر اضافی ڈپٹی پولیس پرشانت رَوی، اسپیشل برانچ اے سی پی جیتندر ریڈی، آر آئی شیوکیشولو، انسپکٹر ستییش، آر ایس آئی پُورنا چندر ریڈی، منوج ریڈی، ناگاراجو کے علاوہ ریاپیڈو کمپنی کے نمائندے درگا راؤ اور سندیپ بھی موجود تھے۔