Successful Mushaira Organised by Idara-e-Adab-e-Islami in Warangal
ورنگل میں ادارۂ ادبِ اسلامی کے زیرِ اہتمام کامیاب مشاعرہ کا انعقاد

حیدرآباد/ورنگل:14/دسمبر
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ادارۂ ادبِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ورنگل میں ایک شاندار اور کامیاب طرحی مشاعرہ منعقد ہوا، جس میں شعر و ادب سے وابستہ شخصیات اور اہلِ ذوق کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مشاعرہ کا ماحول خلوص، محبت اور ادبی ذوق سے بھرپور رہا۔
مشاعرہ کی صدارت معروف ادیب و شاعر ڈاکٹر نعیم سلیم نے فرمائی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ مشاعرے باہمی میل ملاپ، اخوت اور محبت کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور ایسے ادبی اجتماعات معاشرے میں مثبت فکری فضا قائم کرتے ہیں۔
مشاعرہ کا باقاعدہ آغاز جناب محمد معشوق کی پُراثر قرأتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد جناب حفیظ خان نے حمدِ باری تعالیٰ اور جناب محمد غوث الدین نے نعتِ پاک پیش کی۔ مہمانِ خصوصی جناب مجتہدالدین کی نعتیہ پیشکش کو بھی سامعین نے خوب سراہا اور داد و تحسین سے نوازا۔ اس موقع پر بحیثیت مہمانِ خصوصی جناب ڈاکٹر رحیم رامِش بھی شریک رہے۔
مشاعرہ میں صدرِ مشاعرہ ڈاکٹر نعیم سلیم کے علاوہ میزبان و مہمان شعرائے کرام جناب اقبال دردؔ، پروفیسر احمد حسین خیال، جناب داؤد اسلوبی، جناب حامد حسین حامد، جناب امیرالدین امیر، جناب خواجہ کیفی، جناب قادر انصاری، جناب ماہر عابدی اور ڈاکٹر شجیع اکبر نے اپنا طرحی کلام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔
اس کے علاوہ جناب عسکر نرملی، جناب فہم ماجد (نرمل)، جناب اظہر کورٹلوی، جناب محمود انعامدار اور جناب اکبر ضیاء کے مرسلہ طرحی کلام بھی سنائے گئے، جنہیں اہلِ محفل نے بے حد پسند کیا۔
نظامت کے فرائض جناب اقبال دردؔ نے خوش اسلوبی اور خوش بیانی کے ساتھ انجام دیے۔ مشاعرہ میں موجود اہلِ ذوق حضرات اختتام تک محفل سے جڑے رہے۔
آخر میں کنوینر جناب سید عبدالحفیظ کے شکریہ کے ساتھ مشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا۔