Representation of the launch of the M.Ed. distance learning program for in-service Urdu
برسرِ خدمت اُردو اساتذہ کے لیے ایم ایڈ فاصلاتی پروگرام کے آغاز کی نمائندگی ۔

حیدرآباد:-
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
اُردو ٹیچرس اسوسی ایشن ضلع ورنگل کے وفد نے برسرِ خدمت اُردو میڈیم اساتذہ کے لیے مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے ذریعے ایم ایڈ فاصلاتی پروگرام کے آغاز کی درخواست پیش کی۔وفد میں ایڈیشنل جنرل سکریٹری سید خواجہ فرید الدین، صدر خواجہ ظہیر الدین، میڈیا سکریٹری محمد خواجہ ناظم الدین اور دیگر اراکین شامل تھے۔
وفد نے گچی باولی، حیدرآباد میں مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے پروفیسر، آبزرور امتحانات ڈاکٹر محمد جابر سے ملاقات کرتے ہوئے اس مطالبہ پر مبنی یادداشت حوالے کی۔ ڈاکٹر محمد جابر نے وفد کو بتایا کہ نئے کورسز اور پروگراموں کا آغاز ہمیشہ یونیورسٹی حکام کی اولین ترجیح رہا ہے، اور قوی امید ہے کہ وائس چانسلر اور نظامتِ فاصلاتی طرزِ تعلیم اس نمائندگی پر مثبت غور کریں گے۔
اس موقع پر سید خواجہ فرید الدین اور خواجہ ظہیر الدین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یونیورسٹی کے فاصلاتی نظامِ تعلیم سے ہزاروں طلبہ اور اُردو داں حضرات فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ برسرِ خدمت اساتذہ کے لیے بی ایڈ پروگرام تو پہلے ہی سے دستیاب ہے، مگر ایم ایڈ فاصلاتی پروگرام موجود نہیں، جب کہ ملک بھر کے کئی اُردو اساتذہ اس کے آغاز کے شدید خواہشمند ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینکڑوں اُردو اساتذہ اس توقع کے ساتھ وائس چانسلر، ڈائرکٹر فاصلاتی طرزِ تعلیم اور متعلقہ حکام سے رجوع کر رہے ہیں کہ ایم ایڈ فاصلاتی پروگرام کے آغاز کے سلسلے میں سنجیدہ اور فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ اساتذہ کا ماننا ہے کہ یہ پروگرام اُن کے پیشہ ورانہ فروغ کے لیے نہایت اہم ہے، اور یونیورسٹی جلد از جلد اس سمت پیش رفت کرے گی۔
دستور نیوز ڈاٹ کام