Eid Milap Program Organized by Jamaat-e-Islami Hind Women’s Wing in Mahabubabad
محبوب آباد میں جماعتِ اسلامی ہند شعبۂ خواتین کے زیر اہتمام عید ملاپ تقریب، مذہبی ہم آہنگی کا پیغام عام
حیدراآباد/ محبوب آباد، /31مارچ
دستور نیوز ڈاٹ کام
محبوب آباد شہر میں جماعتِ اسلامی ہند شعبۂ خواتین کے زیر اہتمام ایک شاندار عید ملاپ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد عیدالفطر کے موقع پر باہمی بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔
اس تقریب کی صدارت محترمہ شہناز بیگم صاحبہ (ایڈیٹر، انوپما میگزین) نے کی اور بطور مہمان خصوصی محبوب آباد میونسپلٹی کی چیئرپرسن جیوتی رمیش، اور ڈی سی سی صدر اوما مرلی نائک نے شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے بعد منعقد ہونے والی عید ملاپ تقریبات معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون، غریبوں کے ساتھ ہمدردی اور اخلاقی اقدار کی پاسداری سے ہی معاشرے میں امن و سکون قائم کیا جا سکتا ہے، جس کے ذریعے آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور خوشحال مستقبل فراہم کیا جا سکتا ہے۔
مقررین نے ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی سب مل جل کر بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں، جو ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

اس موقع پر شہر کی ہونہار طالبہ ڈاکٹر سبحت نازیہ (دختر ایم اے رحمان، ٹیچر) کی شاندار تعلیمی کامیابی پر انہیں تہنیت پیش کرتے ہوئے تہنیتی شال اور مومنٹو کے ذریعہ اعزاز سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر سبحت نازیہ نے ایم بی بی ایس اور ایم ڈی مکمل کرنے کے بعد آل انڈیا سطح پر 71واں رینک حاصل کیا ہے اور انہیں ایس کے آئی ایم ایس کالج میں ڈی ایم (انٹرنیشنل پینٹریالوجی) کی نشست حاصل ہوئی ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ طب کا پیشہ نہایت مقدس ہے، جس میں مریضوں کی جسمانی و ذہنی کیفیت کو سمجھ کر ان کا علاج کرنا ایک عظیم خدمت اور باعثِ اطمینان عمل ہے۔
تقریب کے دوران حال ہی میں منتخب ہونے والی خواتین میونسپل کونسلرز کو بھی اعزاز سے نوازا گیا، جن میں زرینہ (وارڈ 21)، پدمہ دھن لکشمی (وارڈ 22)، شریدیوی (وارڈ 26)، گاڈپلی لاونیا (وارڈ 30)، ریحانہ (وارڈ 32) اور جی نیرجا رانی (وارڈ 35) شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ضلع یوگا ایسوسی ایشن کی صدر ٹی پشپ لیلا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
پروگرام کے افتتاحی کلمات محترمہ عشرت آرا نے ادا کیا ،اس پروگرام کے کلیدی مقرر محترمہ آسیہ خاتون ناظم ضلع کا خطاب رہا ، پروگرام کے منتظم مقامی ناظمہ محترمہ حبیب النساء بیگم اور پروگرام کے کنوینیر محترمہ شاہدہ صاحبہ کی نگرانی میں کامیاب پروگرام منعقد ہوا ، جبکہ جماعتِ اسلامی ہند شعبۂ خواتین کی متعدد کارکنان اور اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے پروگرام کو کامیاب بنایا۔