Iftar party at BK Bazaar, attended by former state minister P. Ajay Kumar and other important personalities
بی کے بازار میں دعوت افطار، سابق ریاستی وزیر پی اجے کمار و دیگر اہم شخصیات کی شرکت

حیدرآباد/کھمم :-24/مارچ
(دستورنیوز ڈاٹ کام)
کھمم شہر کے بی کے بازار میں نوجوانان محلہ بی کے بازار کی جانب سے ایک شاندار دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ اس روح پرور محفل کی صدارت حافظ محمد جواد احمد، امام و خطیب مسجد زین العابدین مرکز کھمم نے کی۔ حافظ محمد جواد احمد نے اپنے خطاب کا آغاز علامہ اقبال کے مشہور اشعار سے کیا: مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا ہندی ہیں ہم، وطن ہے ہندوستان ہمارا اپنے خطاب میں حافظ محمد جواد احمد نے کہا کہ رمضان المبارک نزول قرآن کا مقدس مہینہ ہے۔ اس مبارک مہینے میں امت کے صاحب استطاعت افراد پر لازم ہے کہ وہ غرباء اور مستحقین کا بھرپور خیال رکھیں تاکہ عیدالفطر کے خوشیوں بھرے موقع پر وہ بھی خوشیوں میں برابر کے شریک ہو سکیں۔

حافظ محمد جواد احمد نے کھمم شہر کو ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ہندو مسلم اتحاد کا گہوارہ قرار دیا اور کہا کہ دعوت افطار گنگا جمنی تہذیب کی بہترین مثال ہے۔

اس پروگرام میں مہمان خصوصی سابق ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجے کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں روزہ داروں کے ساتھ افطار میں شرکت کرکے قلبی سکون محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ ہمیشہ کھمم شہر کے مسلمانوں کے شکر گزار رہیں گے اور اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، مسلمانوں کے مسائل کے حل میں ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔ پی اجے کمار نے یہ عہد کیا کہ عیدالفطر کے موقع پر وہ کھمم شہر کی عیدگاہ میں مسلمانوں کے ساتھ نماز عید ادا کریں گے اور ہر موقع پر مسلمانوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر بی آر ایس کارپوریٹرز شیخ مقبول، توٹا راماراؤ، بی آر ایس کھمم ضلع اقلیتی صدر تاج الدین، کھمم سٹی بی آر ایس صدر پی ناگاراجو، سہیل بابا، عبدالغنی، راشد آصف، محمد یعقوب پاشا، ساجد شریف اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

افطار کے بعد مسجد زین العابدین مرکز کھمم میں تمام روزہ داروں کے لیے خصوصی طعام کا نظم کیا گیا، جس میں فرزندانِ توحید کی کثیر تعداد نے شرکت کرکے اس بابرکت محفل کو یادگار بنایا۔