NHRC Announces National Short Film Competition to Promote Human Rights Awareness
انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے قومی سطح پر شارٹ فلم مقابلے
ینمکنڈہ، 13 مئی
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
عوام میں انسانی حقوق کے تحفظ اور سماجی ذمہ داریوں سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے مقصد سے بھارتی قومی انسانی حقوق کمیشن (NHRC) کی جانب سے سال 2026 کے لیے 12واں قومی سطح کا "ہیومن رائٹس شارٹ فلم کمپیٹیشن” منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس بات کی اطلاع حنمکنڈہ ضلع کلکٹر محترمہ چاہت باجپائی نے ایک اعلامیہ میں دی۔
ضلع کلکٹر نے بتایا کہ انسانی حقوق کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے منعقد کیے جانے والے اس مقابلے میں عمر کی کوئی قید نہیں ہے اور ہر بھارتی شہری اس میں شرکت کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 3 سے 10 منٹ دورانیہ پر مشتمل شارٹ فلم کسی بھی بھارتی زبان میں تیار کی جا سکتی ہے، تاہم اس کے ساتھ انگریزی سب ٹائٹلز شامل کرنا لازمی ہوگا۔ انگریزی زبان میں تیار کردہ فلمیں بھی مقابلے کے لیے بھیجی جا سکتی ہیں۔
ضلع کلکٹر کے مطابق مقابلے کے فاتحین کے لیے پُرکشش نقد انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ پہلا انعام 2 لاکھ روپے، دوسرا انعام ڈیڑھ لاکھ روپے، جبکہ تیسرا انعام ایک لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خصوصی ذکر کے لیے منتخب ہونے والی چار فلموں کو 50-50 ہزار روپے بطور انعام دیے جائیں گے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ اس مقابلے کی معلومات وسیع پیمانے پر طلبہ، نوجوانوں اور فلم سازی میں دلچسپی رکھنے والوں تک پہنچائی جائے۔ اس ضمن میں کاکتیہ یونیورسٹی اور ساتواہن یونیورسٹی کے رجسٹرارز کو ڈگری، پی جی اور انجینئرنگ کالجوں میں، ضلع انٹرمیڈیٹ آفیسر کو جونیئر کالجوں میں، ضلع تعلیمی افسر کو اسکولوں میں، ضلع پنچایت آفیسر کو گرام پنچایتوں میں اور ضلع ویلفیئر آفیسر کو رضاکارانہ تنظیموں میں اس کی تشہیر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کلکٹر نے بتایا کہ مقابلے کے لیے انٹریاں 30 جون 2026 تک گوگل ڈرائیو لنک کے ذریعے nhrcshortfilm@gmail.com پر ارسال کی جا سکتی ہیں۔ مکمل ضوابط اور مزید تفصیلات این ایچ آر سی کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
dastoor news