میناریٹی انٹیلکچویل فورم کے زیر اہتمام عظیم الشان جلسئہ رسم اجراء و مشاعرہ
حیدرآباد/ہنمکنڈہ:-12/اگست
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
مسلم کمیونٹی سنٹر ملگ روڈ ‘ ہنمکنڈہ میں میناریٹی انٹیلکچویل فورم کے زیر اہتمام عظیم الشان جلسئہ رسم اجراء و مشاعر ہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس پرورگرام کی صدارت ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صاحب ‘ صدر میناریٹی انٹیلکچویل فورم و شانتی سنگھم ‘ ورنگل نے کی اورڈاکٹر محمد بہادر علی صاحب ‘ موظف پرنسپال اسلامیہ ڈگری کالج ‘ ورنگل ، ڈاکٹر محسن جلگانوی صاحب ‘حیدرآباد ‘ڈاکٹر فاروق شکیل صاحب ‘ حیدرآباد نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز صابر عالم ‘ متعلم مدرسہ ضیاء العلوم کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ حمد بارئ تعالٰی پیش کرنے کی سعادت جناب علیم دانش نے حاصل کی جبکہ جناب وحید گلشن نے بارگاہ رسالت مآب میں نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صاحب نے افتتاحی کلمات سے شرکاء کا پر جوش خیر مقدم کیا-

بعدازاں صدر مشاعرہ ‘ مہمانان خصوصی اور مہمان شعراء کی شال پوشی کی ۔ جلسئہ رسم اجراء کی شروعات میں جناب نصراللہ خان صاحب ‘ حیدرآباد نے جناب مسعود مرزا محشر کی کتاب کی اجرائی سے قبل ان پر تعارفی مضمون پڑھا۔ پھر ڈاکٹر محسن جلگانوی صاحب ‘ حیدرآباد نے مسعود مرزا محشر کی شال پوشی فرما کر اپنے ہاتھوں سے انکے شعری مجموعہ ” کرب آگہی” کی رسم اجراء انجام دی۔ اسی طرح جناب مسعود مرزا محشر نے ناصر واحدی کا تعارف پیش کیا اور ڈاکٹر فاروق شکیل صاحب’ حیدرآباد نے صاحب کتاب کی شالپوشی کرکے ان کی کتاب ” مہک افکار کی ” کی رسم اجرائی انجام دی۔ آخر میں جناب عظیم قریشی صاحب نے ڈاکٹر آمنہ اختر پر تعارفی مضمون پیش کیا۔ محترمہ نصرت جہاں صاحبہ نے صاحب کتاب کی شالپوشی فرمائی جس کے فورا” بعد ڈاکٹر صاحبہ کے تحقیقی مقالہ ” ورنگل کا شعرو ادب” کا بدست ڈاکٹر محمد بہادر علی صاحب اجراء عمل میں آیا۔

اس طرح جب جلسئہ رسم اجراء کا عمل ختم ہوا تو مشاعرہ کا آغاز ہوا جس کا سامعین کو بے چینی سے انتظار تھا۔ جس میں شہرت یافتہ مہمان شعراء ڈاکٹر محسن جلگا نوی’ حیدرآباد ، ڈاکٹر فاروق شکیل ‘ حیدرآباد ، جناب سردار سلیم ‘ حیدرآباد ، جناب انجنی کمار گویل ‘ حیدرآباد ، جناب ظفر فاروقی ‘ حیدرآباد ، ڈاکٹر رحیم رامش ‘ کاغذ نگر ، جناب سعد اللہ خاں سبیل ‘ حیدرآباد ، جناب امجد سلیم امجد ‘ کریم نگر ،جناب فیصل وارثی ‘ کریم نگر ، جناب راحل کریم نگری نے سامعین کو اپنے بہترین کلام سے نوازا اور خوب داد و تحسین حاصل کی ۔

جناب راحل کریم نگری نے دلچسپ نظامت سے مشاعرہ میں سماں باندھ دیا۔ مشاعرہ میں مرد حضرات و خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی جنھوں نےنامور مہمان شعراء کے معیاری کلام کو بڑی دلچسپی سے سنا اور محظوظ ہوتے رہے۔