World Bank Reviews KUDA Development Projects with Warangal MP Dr Kadiyam Kavya
ورلڈ بینک کے نمائندوں کے ساتھ کُڈا کے ترقیاتی منصوبوں پر ایم پی ڈاکٹر کڈیم کاویہ کی جائزہ میٹنگ
ہنمکنڈہ، 17 ستمبر
کاکتیہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کُڈا) کے حدود میں مجوزہ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر ورلڈ بینک کے نمائندوں کے ساتھ جمعرات کو جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کُڈا دفتر کے منی کانفرنس ہال میں کُڈا چیئرپرسن گنڈو سدھارانی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ورنگل کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کڈیم کاویہ اور مقامی رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے شرکت کی۔
اجلاس میں کُڈا کے حدود میں شہری بنیادی سہولتوں کی ترقی، عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق نئے ترقیاتی منصوبوں کی تیاری سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ورلڈ بینک کے تعاون سے انجام دیے جانے والے ترقیاتی پروگراموں کی منصوبہ بندی، ترجیحات کے تعین اور ان پر عمل درآمد کے طریقۂ کار پر بھی عوامی نمائندوں، عہدیداروں اور ورلڈ بینک کے نمائندوں کے درمیان بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر ورنگل کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کڈیم کاویہ نے کہا کہ ورنگل شہر کے ساتھ ساتھ کُڈا کے حدود میں شامل علاقوں کی جامع ترقی کے لیے ضروری بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
اجلاس میں کُڈا وائس چیئرپرسن و ہنمکنڈہ ضلع کلکٹر چاہت باجپائی، ورنگل ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا، بلدیہ کمشنر ٹی. وینکنا، سی پی او اجیت ریڈی، ایگزیکٹیو انجینئر بھیم راؤ کے علاوہ ورلڈ بینک کے نمائندے بیایانا، نہا ویاس، اپوروا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔