Jalsa e Rahmat ul Alameen and Eid Milad-un-Nabi (peace be upon him) held in Janagaon.
جنگاؤں میں جلسۂ رحمۃ للعالمینؐ و عید میلاد النبیؐ کا انعقاد
مولانا محسن پاشاہ نقشبندی کا خطاب، حضور اکرمؐ کی سیرت پر عمل کو قرار دیا نجات کا ذریعہ
حیدرآباد/جنگائوں:19/ستمبر
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
جنگاؤں ایک مینار مکہ مسجد جنگاؤں میں 1500 سالہ جشنِ رحمۃ للعالمینؐ و عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا، جس میں ممتاز عالم دین، بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ، مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی (مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماء و مشائخ بورڈ محبوب نگر) نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کیا۔

مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ جلسۂ میلاد و رحمۃ للعالمینؐ کا مقصد مسلمانوں میں سیرتِ نبویؐ کو اپنانے کا جذبہ پیدا کرنا ہے تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ چہرے پر سنتِ نبویؐ کا اثر باطن پر بھی پڑتا ہے اور یہی مسلمان کی پہچان ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ حضور اکرمؐ سے حقیقی محبت ہی ایمان کی تکمیل ہے اور یہی اللہ تعالیٰ کی محبت کا ذریعہ ہے۔
مولانا محسن پاشاہ نے خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کے اقوال بھی پیش کیے اور کہا کہ میلادالنبیؐ کا اہتمام سنتِ انبیاء کرام اور بزرگانِ دین کی روایت ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ میلاد منانے والوں کو اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے بروز محشر جنت میں داخل فرمائے گا۔

جلسہ کا آغاز سینئر صحافی و صدر یکمینار مکہ مسجد، محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کے خطبۂ استقبالیہ سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جنگاؤں کی سرزمین پر یہ جلسہ انعقاد باعث سعادت ہے اور مہمانِ خصوصی مولانا محسن پاشاہ ایک عظیم عالم دین اور مفتی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس موقع پر مولانا کی شال پوشی اور گل پوشی کی گئی۔
جلسہ میں سینئر صحافی محمد جمال شریف ایڈوکیٹ، محمد مجیب الرحمن، محمد رفیق احمد، مولانا مفتی محمد انصار، محمد رافع متین ایڈوکیٹ، محمد ریاض اللہ، محمد افضل، محمد معراج الرحمن، محمد سلیم، محمد اقبال، محکمۂ صحت کے نمائندے اور دیگر معززین شریک رہے۔