National Press Day Observed by Urdu Journalist Welfare Association in Warangal

اضلاع کی خبریں
قومی یومِ صحافت پر اردو جرنلسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن ورنگل کی خصوصی نشست
آزادیِ صحافت، صحافتی اخلاقیات اور عوامی مسائل پر صحافیوں کا اظہارِ خیال
National Press Day Observed by Urdu Journalist Welfare Association in Warangal

golden gust house lb nager warangal

ورنگل:16/نومبر
(دستور نیوز)

قومی یومِ صحافت کے موقع پر اردو جرنلسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن ورنگل کے زیرِ اہتمام گولڈن گیسٹ ہاؤس، ایل بی نگر، ورنگل میں ایک خصوصی نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس نشست میں آزادیِ صحافت، صحافتی اخلاقیات، جمہوریت میں پریس کے کردار، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں صحافیوں کی ذمہ داریوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محمد حبیب الدین، موظف لیبر آفیسر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

نشست سے خطاب کرتے ہوئے اردو جرنلسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن ورنگل کے صدر اکبر ضیاء نے قومی یومِ صحافت کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں 16 نومبر 1966 کو پریس کونسل آف انڈیا کے قیام کی یاد میں ہر سال قومی یومِ صحافت منایا جاتا ہے۔ اس دن کا بنیادی مقصد آزادیِ صحافت کا تحفظ، صحافیوں کے حقوق کی پاسداری، صحافتی اخلاقیات کا فروغ اور جمہوریت کے استحکام میں پریس کے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے اردو صحافت میں جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اردو صحافت بھی تیزی سے ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو رہی ہے۔ اردو اخبارات اور خبروں کی پی ڈی ایف اشاعت سمیت جدید ذرائع ابلاغ نے اردو صحافت کے لیے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور واقفیت حاصل کریں اور اسے مثبت مقاصد کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ کے باوجود صحافت کی بنیادی اقدار، بالخصوص آزادی، غیر جانبداری، دیانت داری اور سچائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ صحافیوں کو عوامی، سماجی، معاشی اور سیاسی مسائل کو ذمہ داری کے ساتھ اجاگر کرتے ہوئے عوام کی حقیقی آواز بننا چاہیے۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی محمد حبیب الدین، موظف لیبر آفیسر نے اردو صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان کی بقا، ترقی اور ترویج کے لیے اردو بچاؤ تحریک کی طرز پر ایک منظم مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے، جو حکومت سے مسلسل نمائندگی کرتے ہوئے اردو کے تحفظ اور فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں اردو ٹرانسلیٹرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات، اردو مدارس کے مؤثر نظام اور ان کی کارکردگی پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر کے باہر نصب سائن بورڈس پر اردو تحریر کو یقینی بنانے کے لیے بھی نمائندگی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اردو کے فروغ کے لیے صرف زبانی دعووں کے بجائے اجتماعی جدوجہد اور مسلسل عملی کوششیں ضروری ہیں۔

اس موق پر  سینئر صحافی محمد جعفر نے اپنے خطاب میں سرکاری فلاحی اسکیمات کے فوائد مستحق افراد تک پہنچانے میں صحافت کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غریب اور مستحق طبقات کے لیے مختلف فلاحی اسکیمات متعارف کروائی جاتی ہیں، تاہم مناسب معلومات اور رہنمائی نہ ہونے کے باعث کئی مرتبہ ان کے فوائد حقیقی مستحقین تک نہیں پہنچ پاتے۔ ایسے میں صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت اور عوام کے درمیان مؤثر رابطے کا ذریعہ بنتے ہوئے اسکیمات کی تفصیلات، اہلیت، شرائط، ضروری دستاویزات اور درخواست کے طریقۂ کار سے عوام کو واقف کروائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد ان اسکیمات سے استفادہ کرسکیں۔

اس موقع  پر  حافظ فضل الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور اس کی آزادی و خودمختاری کا تحفظ ہر صحافی کی اہم ذمہ داری ہے۔ صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ اصولوں اور اخلاقی اقدار کی پابندی کرتے ہوئے اس شعبے کو مزید مستحکم اور طاقتور بنانا چاہیے، تاکہ صحافت ملک کے عوام، بالخصوص غریب اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ اور ان کی آواز بلند کرنے کا مؤثر ذریعہ بن سکے۔

محمد حسین پاشا نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت کی ذمہ داری محض خبروں کی اشاعت تک محدود نہیں بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا ذریعہ بننا بھی اس کے فرائض میں شامل ہے۔ حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے متعارف کروائی جانے والی اسکیمات اور پالیسیوں کی مکمل معلومات عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو عوامی مسائل اور ضروریات کو متعلقہ حکام کے علم میں لانے کے ساتھ ساتھ سرکاری اقدامات اور فلاحی پروگراموں کے بارے میں بھی عوام کو باخبر رکھنا چاہیے، تاکہ حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کا مؤثر ذریعہ بن کر صحافت اپنی سماجی ذمہ داری ادا کرسکے۔

اس موقع پر  اختر حسین اختر نے کہا کہ صحافیوں کا اہم فریضہ عوام میں شعور و بیداری پیدا کرنا اور حکومت کی پالیسیوں و فلاحی پروگراموں سے انہیں واقف کروانا ہے۔ جہاں کہیں بدعنوانی یا عوامی حقوق کی خلاف ورزی سامنے آئے، وہاں صحافیوں کو حقائق کی بنیاد پر اس کی نشاندہی کرتے ہوئے عوام کے مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے دور میں ہر شہری بھی اطلاعات کی ترسیل میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے، تاہم درست معلومات، سماجی ذمہ داری اور شعور کے ساتھ کام کرنا ضروری ہے۔ صحافت کو سماجی برائیوں کے خاتمے اور عوامی رائے کی مثبت تشکیل میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

اردو جرنلسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن ورنگل کے سیکریٹری اسماعیل ذبیح اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں میں اعتدال پسندی، صبر و تحمل اور برداشت جیسی خوبیاں ہونا نہایت ضروری ہیں۔ صحافی انفرادی طور پر ہوں یا کسی تنظیم کے پلیٹ فارم سے کام کر رہے ہوں، باہمی اتحاد و اتفاق اور مل جل کر کام کرنے سے ہی معاشرے کو مثبت فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب معاشرے میں انتشار اور مختلف نوعیت کے اختلافات بڑھ رہے ہیں، ایسے حالات میں صحافیوں کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے، باہمی احترام اور سماجی اتحاد کو فروغ دیں۔ معمولی اختلافات کو بنیاد بنا کر تعلقات ختم کرنے یا دلوں میں رنجشیں پیدا کرنے کے بجائے درگزر، میانہ روی اور اعتدال پسندی سے کام لینا چاہیے۔ دلوں کو صاف رکھتے ہوئے قوم و ملت اور سماج کی بھلائی کے لیے متحد ہوکر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نشست میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافت کے بنیادی اصولوں، سچائی، غیر جانبداری اور عوامی خدمت کو مقدم رکھتے ہوئے معاشرے کی فلاح و بہبود، عوامی مسائل کی نشاندہی اور مستحق طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

**اردو جرنلسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن ورنگل کے زیرِ اہتمام منعقدہ یہ نشست قومی یومِ صحافت کے حقیقی پیغام، صحافتی اقدار اور معاشرتی ذمہ داریوں کو اجاگر کرنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوئی۔**

dastoornews.com