إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔
قاضی پیٹ کی معروف سیاسی ،سماجی و ملی شخصیت محمد یعقوب المعروف سونی بھائی کا انتقال، سینکڑوں افراد اشکبار
Mohammed Yakhoob Alias Soni Bhai of Khazipet Jublee Market Passes Away
قاضی پیٹ جبلی مارکیٹ کے مکین، تلنگانہ ریاست تحریک کے سرگرم کارکن، معروف سماجی، سیاسی اور ملی خدمت گزار محمد یعقوب المعروف سونی بھائی کے سانحۂ ارتحال کی خبر سے قاضی پیٹ سمیت اطراف و اکناف میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم کافی عرصہ سے عوامی، سماجی اور ملی خدمات میں سرگرم رہے اور اپنی خاموش طبیعت، خوش اخلاقی، ملنساری اور انسان دوستی کے سبب عوام میں بے حد مقبول تھے۔
مرحوم محمد یعقوب عرف سونی بھائی ایک نہایت شریف النفس، ہمدرد اور باوقار شخصیت کے مالک تھے۔ وہ قاضی پیٹ جامع مسجد کے مستقل مصلی اور خادم بھی تھے۔ دینی و سماجی سرگرمیوں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے اور ضرورت مندوں کی مدد کو اپنی ذمہ داری سمجھتے تھے۔ ان کی شخصیت میں عاجزی، بردباری اور حوصلہ مندی نمایاں تھی، جس کے باعث مختلف طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ان کا بے حد احترام کرتے تھے۔
ان کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی دوست احباب، رشتہ دار، سماجی و سیاسی قائدین، مذہبی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد مرحوم کے مکان پر پہنچ گئی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی اور مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مرحوم اپنے پس ماندگان میں اہلیہ، ایک صاحبزادے اور تین صاحبزادیوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ نماز جنازہ قاضی پیٹ جامع مسجد میں ادا کی گئی، جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بعد نماز جنازہ مرحوم کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کیا گیا۔
شہر کی مختلف سماجی، ملی اور سیاسی تنظیموں نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ محمد یعقوب عرف سونی بھائی جیسی مخلص، خاموش خدمت انجام دینے والی شخصیات معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔