urs khazipet dargah

khazipet Dargah Urs Sharif Arrangements Completed; MLA Nayini Assures Hassle-Free Facilities for Devotees

اضلاع کی خبریں
khazipet Dargah Urs Sharif Arrangements Completed; MLA Nayini Assures Hassle-Free Facilities for Devotees
قاضی پیٹ درگاہ کے عرس شریف کی تمام تیاریاں مکمل، زائرین کے لیے پُرامن و سہولیات سے بھرپور انتظامات: نائنی راجندر ریڈی
قاضی پیٹ درگاہ کے عرس شریف کی تمام تیاریاں مکمل
مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی علامت ہے عرس کی تقریبات: درگاہ کے سجادہ نشین خسرو پاشا
کل شام انچارج وزیر، وزراء، ارکانِ اسمبلی و قانون ساز کونسل اور دیگر عوامی نمائندوں کی شرکت

 

قاضی پیٹ، ہنمکنڈہ:9/اگست
(دستور نیوز)

قاضی پیٹ میں واقع حضرت سید شاہ افضل بیابانی درگاہ کے سالانہ عرس شریف کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ یہ بات ورنگل ویسٹ کے رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے درگاہ کے احاطے میں منعقدہ میڈیا کانفرنس میں کہی۔ اس موقع پر درگاہ کے سجادہ نشین و ریاستی چیئرمین سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشا بھی موجود تھے۔

رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ عرس شریف میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کو کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے وسیع پیمانے پر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ ضلع کلکٹر کی نگرانی میں پینے کے پانی، برقی سربراہی، ٹریفک نظم و ضبط، صفائی، طبی سہولیات اور پولیس بندوبست سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا ہے۔

khazipert dargah urs

انہوں نے بتایا کہ عرس کے دوران انتظامات کی مسلسل نگرانی کے لیے آر ڈی او، جوائنٹ کلکٹر سطح کے افسران اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ زائرین کی آمد و رفت، ٹریفک کنٹرول، پینے کے پانی اور برقی سربراہی سمیت تمام اہم امور پر عہدیدار مسلسل نظر رکھیں گے۔

نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ قاضی پیٹ درگاہ تمام مذاہب اور طبقات کے لوگوں کو متحد کرنے والی مذہبی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ ورنگل کی خصوصیت ہی یہ ہے کہ مختلف مذاہب کے لوگ آپس میں بھائی چارے اور اتحاد کے ساتھ تہوار اور مذہبی تقریبات مناتے ہیں۔ انہوں نے زائرین سے اپیل کی کہ عرس شریف کی تقریبات کو عقیدت، امن، نظم و ضبط اور بھائی چارے کے ماحول میں منعقد کرنے میں تعاون کریں۔

درگاہ میں ترقیاتی کام مکمل

درگاہ کے سجادہ نشین و ریاستی حج کمیٹی چیئرمین سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشا نے کہا کہ رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی کی خصوصی دلچسپی سے رواں سال درگاہ میں کئی ترقیاتی کام انجام دیے گئے ہیں۔

khazipet dargah urs

انہوں نے بتایا کہ درگاہ میں پانی کی سابقہ قلت کو دور کرنے کے لیے تقریباً 40 لاکھ روپے کی لاگت سے پانی کی سربراہی کے کام مکمل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی ترقی کے کام بھی انجام دیے گئے ہیں۔

خسرو پاشا نے کہا کہ پولیس، ریونیو، میونسپل کارپوریشن، محکمہ صحت اور دیگر سرکاری محکموں کے باہمی تعاون سے عرس شریف کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

چھ دن تک 30 ہزار زائرین کے لیے لنگر

انہوں نے بتایا کہ درگاہ کی جانب سے چھ دن تک تقریباً 30 ہزار زائرین کے لیے کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ زائرین کی سہولت کے لیے درگاہ کے چاروں اطراف لنگر کا انتظام کیا گیا ہے، تاکہ آنے والے عقیدت مندوں کو کھانے کے حصول میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

خسرو پاشا نے کہا کہ قاضی پیٹ درگاہ ہندو مسلم اتحاد، محبت اور بھائی چارے کا مرکز ہے۔ اسی جذبے کے تحت ’’اہلِ بیت کا پیغام – انسانیت کے لیے‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں پنجاب، اترپردیش کے لکھنؤ اور دیگر علاقوں سے صوفی مشائخ اور مذہبی شخصیات شرکت کریں گی۔ ہندو مندروں کے پجاری، برہمن، علماء اور مشائخ بھی اس پروگرام میں شریک ہوں گے اور مذہبی ہم آہنگی، انسانیت، محبت اور امن کا پیغام دیں گے۔

امن، محبت اور اتحاد کا پیغام عام کرنے کی ضرورت

خسرو پاشا نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کے لوگ اتحاد، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے روحانی مراکز سے ہمیشہ محبت، امن اور انسانیت کا پیغام عام ہونا چاہیے۔

رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی اور درگاہ کے سجادہ نشین خسرو پاشا نے عوام سے اپیل کی کہ عرس شریف کی چار روزہ تقریبات میں بڑی تعداد میں شرکت کریں اور روحانی فیوض و برکات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں، اس لیے عوام پُرامن ماحول میں عرس کی تقریبات میں شرکت کریں۔

وزراء اور عوامی نمائندوں کی شرکت

عرس شریف کے سلسلے میں کل شام درگاہ میں خصوصی مذہبی مراسم میں ضلع کے انچارج وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی، اقلیتی امور کے وزیر محمد اظہرالدین، ضلع کے دیگر وزراء، ارکانِ اسمبلی، ارکانِ قانون ساز کونسل اور مختلف کارپوریشنوں کے چیئرمین شرکت کریں گے۔

میڈیا کانفرنس میں سابق کارپوریٹر ابوبکر، ڈویژن صدر سنگاراپو روی اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔
دستور نیوز
dastoornews.com