Annual Urs of Hazrat Sufi Shah Mohammed Khaja Moinuddin Ajmeri Shah Wahidi Shattari Qadri to Be Held at Wahid Nagar Dargah
درگاہ شریف واحد نگر میں حضرت صوفی شاہ محمد خواجہ معین الدین اجمیری شاہ واحدی شطاری القادریؒ کا سالانہ عرس شریف
ہنمکنڈہ:-
(دستور نیوز ڈا ٹ کام)
حضرت صوفی شاہ محمد خواجہ معین الدین المعروف اجمیری شاہ واحدی شطاری القادری رحمۃ اللہ علیہ کا سالانہ عرس شریف امسال نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ درگاہ شریف واحد نگر، گوندہ پور، شیام پیٹھ منڈل، ضلع ہنمکنڈہ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ عرس شریف کی دو روزہ تقریبات 16 اور 17 ذی الحجہ 1447ھ بمطابق 3 اور 4 جون 2026 کو منعقد ہوں گی، جن میں صندل شریف، محفلِ سماع، حلقۂ ذکر، فاتحہ خوانی اور زائرین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
درگاہ شریف کے سجادہ نشین حضرت صوفی شاہ محمد خواجہ فرید الدین شطاری القادری کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق عرس شریف کی تقریبات کا آغاز 3 جون 2026 بروز چہارشنبہ بعد نمازِ مغرب مزار اقدس پر غسل شریف سے ہوگا۔ بعد نمازِ عشاء زائرین کے لیے تناولِ طعام کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ رات 11 بجے روحانی فضا میں محفلِ سماع منعقد ہوگی۔ اس کے بعد رات ایک بجے صندل شریف کا جلوس نہایت تزک و احتشام کے ساتھ نکالا جائے گا، جس میں عقیدت مندوں کی کثیر تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
عرس شریف کے دوسرے روز 4 جون 2026 بروز جمعرات صبح 8 بجے حلقۂ ذکر منعقد ہوگا، جبکہ صبح 10 بجے تا 12 بجے بارگاہ میں حاضری، دعا اور مناجات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دوپہر ایک بجے فاتحہ خوانی، خصوصی دعا اور تبرکات کی تقسیم عمل میں آئے گی۔
سجادہ نشین درگاہ شریف حضرت صوفی شاہ محمد خواجہ فرید الدین شطاری القادری نے تمام اہلِ عقیدت، محبانِ اولیاء اور عامۃ المسلمین سے اپیل کی ہے کہ وہ عرس شریف کی بابرکت تقریبات میں کثیر تعداد میں شرکت کرکے روحانی فیوض و برکات حاصل کریں اور بزرگانِ دین کی تعلیمات سے مستفید ہوں۔
اکبر ضیاء
dastoornews