Telangana Issues Heatwave Alert,
Public Urged to Take Precautions During Severe Summer
ریاست تلنگانہ میں شدید گرمی اور دھوپ کی تمازت،
عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں

حیدرآباد/ہنمکنڈہ:
(دستور نیو ز ڈا ٹ کام )
ریاست تلنگانہ میں دن بہ دن بڑھتی ہوئی دھوپ کی تمازت اور شدید گرمی کے پیش نظر محکمہ موسمیات اور محکمہ صحت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مختلف اضلاع خاص کر ہنمکنڈہ اور ورنگل میں درجہ حرارت 40 تا 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
حکام کے مطابق دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک سورج کی تپش سب سے زیادہ ہوتی ہے، اس دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔ خاص طور پر بزرگ افراد، بچے، حاملہ خواتین، مزدور طبقہ اور بیمار افراد زیادہ احتیاط برتیں کیونکہ یہ طبقہ گرمی سے زیادہ متاثر ہوسکتا ہے۔
محکمہ صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روزانہ زیادہ مقدار میں پانی استعمال کریں، چاہے پیاس محسوس نہ ہو۔ جسم میں پانی کی کمی سے چکر آنا، کمزوری، سر درد، بخار، الٹی، بے ہوشی اور ہیٹ اسٹروک جیسے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق گرمی کے موسم میں درج ذیل مشروبات کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے: سادہ ٹھنڈا پانی،ORS محلول،لیموں پانی،
چھاچھ / مٹھا،ناریل پانی، تربوز، خربوزہ اور موسمی پھلوں کے جوس اور گلوکوز والا پانی (اعتدال کے ساتھ) یہ مشروبات جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی پوری کرتے ہیں اور توانائی برقرار رکھتے ہیں۔
دوسری جانب چائے، کافی، کولڈ ڈرنکس، زیادہ میٹھے مشروبات اور بازاری مصنوعی رنگ والے مشروبات سے حتی الامکان پرہیز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ یہ جسم میں پانی کی کمی بڑھا سکتے ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ہلکے رنگ کے ڈھیلے سوتی کپڑے پہنیں، سر کو ٹوپی یا رومال سے ڈھانپیں، باہر نکلتے وقت پانی کی بوتل ساتھ رکھیں، اور زیادہ دیر دھوپ میں کھڑے رہنے یا سخت مشقت کرنے سے بچیں۔
اگر کسی شخص کو تیز بخار، بے ہوشی، سانس لینے میں دشواری، شدید کمزوری یا مسلسل الٹی کی شکایت ہو تو فوری طور پر قریبی دواخانہ سے رجوع کریں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گرمی کے اس موسم میں احتیاطی تدابیر اپنا کر اپنی اور اپنے اہل خانہ کی صحت کا تحفظ کریں۔