Warangal MP Kadiyam Kavya Stages Dharna at Parliament Against BJP MP Remarks on Telangana
بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے بیان کے خلاف پارلیمنٹ گیٹ پر ورنگل ایم پی کڈیم کاویہ کا دھرنا
نئی دہلی/ورنگل، 17 /اپریل
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
بی جے پی رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ کی جانب سے تلنگانہ ریاست کے قیام کو بھارت-پاکستان تقسیم سے تشبیہ دینے والے بیان کے خلاف ورنگل کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کڈیم کاویہ نے پارلیمنٹ کے مکر دروازہ پر کانگریس ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ احتجاجی دھرنا دیا۔
احتجاج کے دوران ارکان پارلیمنٹ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور بی جے پی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ “بی جے پی معافی مانگو” اور “تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرو” جیسے نعروں سے پارلیمنٹ کا احاطہ گونج اٹھا۔
ڈاکٹر کڈیم کاویہ نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ اور مرکزی حکومت فوری طور پر تلنگانہ عوام سے معافی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں کی جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے بعد تلنگانہ ریاست وجود میں آئی ہے، ایسے میں اس کی تشکیل کو بھارت-پاکستان تقسیم سے جوڑنا نہایت افسوسناک ہے اور اس سے تلنگانہ عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی نقصان کے باوجود سونیا گاندھی نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کی منظوری دی تھی، مگر بی جے پی قائدین مسلسل تلنگانہ مخالف رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تیجسوی سوریہ سے اپنے الفاظ واپس لینے اور مرکزی حکومت سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا۔
دستور نیوز ڈاٹ کام