Public Participation Essential in Preventing Road Accidents: CP Sunpreet Singh
روڈ حادثات کی روک تھام میں ہر فرد کی شرکت ضروری: پولیس کمشنر سنپریت سنگھ
حیدرآباد/ورنگل، 13 /اپریل
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ریاستی حکومت کی جانب سے باوقار طور پر نافذ کی جا رہی “پرجا پالنا–پرگتی پرنالیکا” کے 99 روزہ ایکشن پلان کے تحت ورنگل پولیس کمشنریٹ کے زیرِ اہتمام “ارائیو الائیو” روڈ سیفٹی بیداری مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام 13 اپریل سے 18 اپریل تک ہنمکنڈہ، ورنگل اور جنگاؤں اضلاع میں منعقد کیا جا رہا ہے۔


اسی سلسلے میں پیر کے روز ہنمکنڈہ کے کالوجی کلاکشتر میں ایک شاندار بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر ایم ایل سی بسواراجو ساریا، پولیس کمشنر سنپریت سنگھ، ضلع کلکٹر ہنمکنڈہ چاہت باجپائی، ضلع کلکٹر ورنگل ڈاکٹر ستیہ شاردا اور کڈا چیئرمین وینکٹرامی ریڈی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے شمع روشن کر کے پروگرام کا افتتاح کیا۔


پولیس کمشنر سنپریت سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ روڈ حادثات کی روک تھام میں ہر شہری کی ذمہ داری نہایت اہم ہے۔ ٹریفک قوانین کی پابندی کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہیلمٹ پہننے، سیٹ بیلٹ کے استعمال اور تیز رفتاری سے گریز کرنے پر زور دیا اور خاص طور پر نوجوانوں کو ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اختیار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ “ارائیو الائیو” پروگرام کا مقصد عوام میں شعور بیدار کر کے حادثات میں کمی لانا ہے۔
اس موقع پر دیگر عوامی نمائندوں اور افسران نے بھی روڈ سیفٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔
پولیس جاگروتی ٹیم، تلنگانہ ثقافتی سارتھی اور کاکتیہ یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے پیش کردہ ثقافتی پروگراموں اور مظاہروں نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا۔
قبل ازیں پولیس کی جانب سے کالوجی کلاکشتر کے احاطے میں قائم اسٹالز میں مختلف سنگین روڈ حادثات کا شکار ہونے والی گاڑیوں کی نمائش کی گئی۔ ان حادثات کی وجوہات اور ٹریفک پولیس کے زیر استعمال آلات کے بارے میں افسران نے مہمانانِ خصوصی کو تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

اس پروگرام میں ڈی سی پیز دھارا کویتا، انکیت کمار، ایڈیشنل کلکٹرس سندھیارانی اور روی، ایڈیشنل ڈی سی پی پربھاکر راؤ، اے ایس پی شُبھم، ٹریفک اے سی پیز ستیہ نارائنا، نرسمہا راؤ، پرشانت ریڈی، جتیندر ریڈی، ٹریفک انسپکٹرس سیتا ریڈی، وینکنا، سجاتا، ٹی ٹی سی انسپکٹر سرینواس، ہنمکنڈہ، کے یو سی اور سبیداری انسپکٹرس شیوا کمار، روی کمار، رنجیت سمیت پولیس، ٹرانسپورٹ، ریونیو محکموں کے افسران، عوامی نمائندے، کونسلرس، سرپنچس اور کالج طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی.