T. Harish Rao Attends Maha Dharna, Demands Local Employment at Khazipet Coach Factory

Uncategorized
T. Harish Rao Attends Maha Dharna, Demands Local Employment at Khazipet Coach Factory
قاضی پیٹ کوچ فیکٹری میں مقامی افراد کو روزگار دینے کا مطالبہ، مہا دھرنا میں سابق وزیر ہریش راؤ کی شرکت

 

حیدرآباد/ہنمکنڈہ:
دستور نیوز ڈا ٹ کام)

بی آر ایس ایل پی کے ڈپٹی فلور لیڈر اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے مطالبہ کیا ہے کہ کاجی پیٹ ریلوے کوچ فیکٹری میں 80 فیصد ملازمتیں مقامی نوجوانوں کو دی جائیں۔ ہفتہ کے روز ہنمکنڈہ ضلع کے کاجی پیٹ چوراہے پر "ملازمتوں کے لیے جدوجہد” کے عنوان سے منعقدہ مہا دھرنا میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مقامی افراد کو روزگار نہ دیا گیا تو فیکٹری کے افتتاح کو روکا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ "ہماری ملازمتیں ہمیں ہی چاہئیں” کے نعرہ کے ساتھ کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست حاصل کی گئی اور تلنگانہ کے نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں مقامی افراد کو ترجیح دینے کے لیے صدارتی احکامات حاصل کرنا بھی کے سی آر حکومت کی بڑی کامیابی تھی۔

khazipet railway coach factory harish rao

ہریش راؤ نے الزام لگایا کہ کاجی پیٹ میں کوچ فیکٹری کے قیام کے لیے بی آر ایس حکومت نے دیودایہ محکمہ کی 150 ایکڑ زمین خصوصی اجازت کے ساتھ فراہم کی تھی، لیکن اب فیکٹری بننے کے باوجود مقامی نوجوانوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو فوری طور پر واضح کرنا چاہیے کہ یہاں کوچ فیکٹری بن رہی ہے یا ویگن فیکٹری، کیونکہ اب تک اس سلسلے میں کوئی گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے لاتور ویگن فیکٹری میں 70 فیصد ریزرویشن مقامی افراد کو دیا گیا، تو پھر تلنگانہ کے کاجی پیٹ کے نوجوانوں کو یہ حق کیوں نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا مہاراشٹر کے لیے الگ قانون اور تلنگانہ کے لیے الگ قانون ہے؟

سابق وزیر نے کہا کہ اگر زمین دینے والے متاثرین اور مقامی لوگوں کو کم از کم 70 فیصد ریزرویشن دیے بغیر مرکزی وزراء افتتاح کے لیے آئیں گے تو بی آر ایس پارٹی کی جانب سے سخت احتجاج کیا جائے گا اور افتتاح کو ہر صورت روکا جائے گا۔

انہوں نے آٹو ڈرائیوروں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مالی مدد کا وعدہ کر کے پورا نہیں کیا، جس کی وجہ سے کئی ڈرائیور معاشی پریشانیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آٹو ڈرائیوروں کے مطالبات فوری طور پر پورے کیے جائیں۔

ہریش راؤ نے مزید کہا کہ کاجی پیٹ جنکشن کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے، اس لیے اسے فوری طور پر ریلوے زون قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی واحد جماعت بی آر ایس ہے اور اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا جائے گا۔

اس پروگرام کی صدارت ضلع صدر و سابق چیف وہپ داسیم وِنئے بھاسکر نے کی جبکہ ایم ایل سی سریکونڈا مدھوسودن، سابق وزیر ایربلی دیاکر راؤ، ڈاکٹر تاتیکونڈا راجیا اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔

دستور نیوز ڈا ٹ کام