Advanced Training Centre to Play Key Role in Expanding Skill Opportunities for Parkal Youth: MLA Revuri Prakash Reddy
پرکال نوجوانوں کے لیے مہارت افزائی کے مواقع بڑھانے میں ایڈوانسڈ ٹریننگ سینٹر کلیدی کردار ادا کرے گا:
ایم ایل اے ریوری پرکاش ریڈی

حیدرآباد/ہنمکنڈہ:
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
پرکال علاقہ کے نوجوانوں کے لیے مہارتی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں ایڈوانسڈ ٹریننگ سینٹر (اے ٹی سی) اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ بات پرکال کے رکن اسمبلی ریوری پرکاش ریڈی نے کہی۔
منگل کے روز پرکال ٹاؤن میں مجوزہ ایڈوانسڈ ٹریننگ سینٹر کے قیام کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر چاہت باجپائی اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ مختلف سرکاری مقامات کا معائنہ کیا گیا۔
اس موقع پر ایم ایل اے ریوری پرکاش ریڈی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تربیتی مرکز کے قیام سے نوجوانوں کو ہنر مندی کی تربیت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرکال شہر کو ایجوکیشن ہب کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے۔ اسی منصوبہ کے تحت راجوپیٹ کے قریب ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ اسکول، نیا گورنمنٹ ڈگری کالج، سرکاری اسپتال اور اے ٹی سی سینٹر قائم کیے جا رہے ہیں۔
ایم ایل اے نے عوام سے اپیل کی کہ پرکال شہر کی سابقہ عظمت کی بحالی اور ترقی کے لیے سبھی تعاون کریں۔ اس سے قبل ایم ایل اے اور ضلع کلکٹر نے ایس سی اور بی سی ویلفیئر ہاسٹلس کا اچانک معائنہ بھی کیا۔
اس پروگرام میں میونسپل چیئرمین پاؤشیٹی سنیل کمار، وائس چیئرپرسن دیویا، آر ڈی او ڈاکٹر نارائن، تحصیلدار وجیہ لکشمی، میونسپل کمشنر انجیا، اے ٹی سی ڈسٹرکٹ کنوینر ایم چندر اور دیگر افسران شریک تھے۔
دستور نیوز ڈاٹ کام