warangal mamunoor airport construction

949 Acres of Land Handed Over for Warangal Mamunoor Airport Construction

Uncategorized
949 Acres of Land Handed Over for Warangal Mamunoor Airport Construction
ورنگل مامونور ایئرپورٹ کے لیے 949 ایکڑ اراضی مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو کے حوالے، تعمیراتی کام کی راہ ہموار

حیدرآباد/ورنگل:
(دستور نیوز ڈاٹ کام)

ورنگل کے مامونور ہوائی اڈے کی تعمیر کے لیے درکار 949 ایکڑ اراضی جمعرات کے روز مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو کے حوالے کر دی گئی۔ یہ اراضی ریاستی نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرم آرکّا، وزیر مال پونگولیٹی سرینواس ریڈی، وزیر جنگلات کونڈا سریکھا اور دیگر عوامی نمائندوں کی موجودگی میں حوالہ کی گئی۔

بیگم پیٹ ہوائی اڈے پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں مامونور ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے زمینوں کی باقاعدہ حوالگی عمل میں آئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ مامونور ایئرپورٹ کے لیے اضافی 253 ایکڑ اراضی کے حصول پر تلنگانہ حکومت نے 295 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔

warangal mamunoor airport construction

مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے حیدرآباد میں منعقدہ ایئر شو اور وِنگز انڈیا پروگرام بے حد کامیاب رہا، جس میں 20 ممالک کے نمائندوں اور 120 ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے شرکت کی، جبکہ 500 سے زائد تجارتی اجلاس منعقد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مامونور ایئرپورٹ کا خواب وہ بچپن سے سنتے آ رہے ہیں اور اب وزیراعلیٰ کی قیادت میں یہ خواب حقیقت بننے جا رہا ہے۔

مرکزی وزیر نے بتایا کہ آزادی سے قبل بھی مامونور میں ہوائی اڈہ موجود تھا اور 1981 تک یہ فعال رہا۔ فی الحال 696 ایکڑ اراضی ایئرپورٹ اتھارٹی کے پاس ہے، جبکہ رن وے کے لیے مزید 200 ایکڑ زمین ریاستی حکومت نے فراہم کر دی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ 850 کروڑ روپے کی لاگت سے ایئرپورٹ اتھارٹی کے تحت مامونور ایئرپورٹ تعمیر کیا جائے گا اور ٹرمینل بلڈنگ بھی قائم کی جائے گی۔

رام موہن نائیڈو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دور میں ملک میں ہوائی اڈوں کی تعداد 74 سے بڑھا کر دوگنی کی گئی ہے اور مستقبل میں 300 ہوائی اڈوں کی تعمیر کا ہدف رکھا گیا ہے۔ مامونور ایئرپورٹ کو دو سے ڈھائی سال میں مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

warangal mamunoor airport construction

نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرم آرکّا نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے مامونور، عادل آباد اور کوتہ گوڑم میں ہوائی اڈوں کے قیام کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مامونور ایئرپورٹ کا قیام 1930 میں نظام دور میں عمل میں آیا تھا اور گزشتہ دس برسوں سے اس منصوبے کو نظرانداز کیا گیا، تاہم 2024 میں دوبارہ کام شروع کیا گیا۔

 

وزیر مال پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ فی الحال تلنگانہ میں صرف ایک ہوائی اڈہ ہے، جبکہ وزیراعلیٰ کے عزم کے مطابق تین نئے ہوائی اڈے قائم کیے جائیں گے۔ وزیر جنگلات کونڈا سریکھا نے کہا کہ مامونور ایئرپورٹ کے لیے زمین کے حصول کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور جلد ہی تعمیراتی کام شروع ہوگا، جس سے ورنگل کی مجموعی ترقی کو فروغ ملے گا۔

warangal mamunoor airport construction

اس تقریب میں قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر بندہ پرکاش، ورنگل کی رکن پارلیمان ڈاکٹر کادیَم کاویہ، وزیراعلیٰ کے مشیر وین نریندر ریڈی، وردھن پیٹ کے ایم ایل اے کے آر ناگراجو، ضلع ریونیو افسر وجئے لکشمی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

دستور نیوز ڈاٹ کام