Government Actively Working for Minority Welfare; Forest & Endowments Minister Konda Surekha Lays Foundation Stone for Second Floor of Shadi khana
اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت سرگرم ، وزیر جنگلات و اوقاف کونڈا سریکھا نے شادی خانہ کی دوسری منزل کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا
حیدرآباد/ورنگل:4/فروری
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ریاستی وزیر جنگلات و اوقاف کونڈا سریکھا نے کہا ہے کہ کانگریس کی عوامی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ وہ بدھ کے روز 13ویں ڈویژن میں واقع ایل بی نگر کے اردو گھر کم شادی خانہ کی دوسری منزل کی تعمیراتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہی تھیں۔ اس منصوبے پر بلدیہ کے جنرل فنڈ سے ایک کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ وزیر موصوفہ نے ناریل پھوڑ کر تعمیراتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کیا۔
اس موقع پر وزیر کونڈا سریکھا نے اعلان کیا کہ حلقہ انتخاب کے دیسا ئی پیٹ علاقہ میں زیر تعمیر اقلیتی رہائشی اسکول کی عمارت کے کاموں کو جلد مکمل کرایا جائے گا۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فوری طور پر تخمینے تیار کر کے حکومت سے خصوصی فنڈس کی منظوری حاصل کی جائے۔
وزیر موصوفہ نے قبل ازیں محکمہ اقلیتی بہبود کے پرنسپل سکریٹری سے فون پر بات کرتے ہوئے فنڈس کی منظوری کی درخواست بھی کی۔ اسی دوران اقلیتی گرکل اسکولوں میں داخلوں سے متعلق پوسٹروں کی وزیر کے ہاتھوں رسمِ اجراء انجام دی گئی۔
اس پروگرام میں مقامی کارپوریٹرس سریش جوشی، محمد فرخان، آر ایل سی ستیش، وجے پال ریڈی، سید اکبر، مقبول پاشاہ کے علاوہ اقلیتی قائدین اعظم بیگ، چاند پاشاہ، وسیم، سرور محی الدین اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
دستور نیوز ڈاٹ کام