Zakat Is an Effective Means for Building an Islamic Society and Eliminating Poverty: Khaja Najmuddin
زکوٰۃ اسلامی معاشرے کی تعمیر اور غربت کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ: خواجہ نجم الدین

حیدرآباد/ورنگل:2/جنوری
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
زکوٰۃ اسلامی تعلیمات میں ایک اہم فرض عبادت ہے جو مال کی پاکیزگی کے ساتھ ساتھ غربت، مفلسی اور مالی کمزوریوں کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ قرآنِ مجید میں متعدد مقامات پر نماز کے قیام کے ساتھ زکوٰۃ کی ادائیگی کی تلقین کی گئی ہے، جو اس کی دینی اور سماجی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار زکوٰۃ سنٹر انڈیا ورنگل یونٹ کی جانب سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ اس موقع پر ورنگل یونٹ کے صدر خواجہ نجم الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرض عبادات کی ادائیگی کے لیے منظم اور شفاف اداروں کی اشد ضرورت ہے، اور زکوٰۃ سنٹر انڈیا اسی مقصد کے تحت ملک بھر میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ ادارہ معاشرے سے غربت کے خاتمے، اسلامی نظامِ معیشت کے عملی نفاذ اور اجتماعی جمع و اجتماعی خرچ کے نظام کو بحال کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی یہ پالیسی ہے کہ جس مقام پر زکوٰۃ جمع ہو، وہیں کے مستحقین میں اسے تقسیم کیا جائے تاکہ مقامی سطح پر غربت کا مؤثر سدباب ہو سکے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ ضلع ورنگل میں زکوٰۃ سنٹر انڈیا کی ورنگل یونٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، جس کے افتتاح اور تعارفی مقصد سے ایک اہم جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ یہ جلسہ 4 جنوری 2026ء، بروز اتوار، صبح 10:30 بجے آبنوس فنکشن ہال، ایل۔ نگر، ورنگل میں ہوگا۔
اس جلسہ کی صدارت جناب تنویر الحق صاحب، سکریٹری زکوٰۃ سنٹر انڈیا، حیدرآباد فرمائیں گے۔ جبکہ مہمانانِ خصوصی میں جناب سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ صاحب (چیئرمین تلنگانہ حج کمیٹی)، جناب محمد قیصر ہاشمی صاحب (ریجنل کوآرڈینیٹر زکوٰۃ سنٹر انڈیا، مہاراشٹرا)، پروفیسر ریاض صاحب (چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ گرندھالیہ پریشد) اور جناب محمد ایوب صاحب (صدر ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی، ورنگل) شامل ہوں گے۔
پریس کانفرنس میں ورنگل یونٹ کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے جن میں سکریٹری ایم اے جمیل، خازن محمد عبداللہ، ایم اے ستار، محمد الیاس، خواجہ نجم الدین گیلانی، ایم اے نعیم اور دیگر اراکین شامل ہیں۔
آخر میں خواجہ نجم الدین نے عوام الناس اور اہلِ خیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس فرض عبادت کے منظم قیام میں زکوٰۃ سنٹر انڈیا کا ساتھ دیں اور ایک مضبوط، خود کفیل اور فلاحی اسلامی معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔
dastoornews.com