Online Applications Open for Chief Minister’s Overseas Scholarship for Minority Students
اقلیتی طلبہ کے لیے چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ، آن لائن درخواستوں کا آغاز

ورنگل:20/دسمبر
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
حکومتِ تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود کے زیرِ اہتمام اقلیتی طلبہ کے لیے چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم (CMOSS) فال سیزن–2025 کے تحت آن لائن درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ اس بات کی اطلاع ضلع اقلیتی بہبود افسر ورنگل ٹی۔ رمیش نے ایک پریس نوٹ کے ذریعے دی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اسکیم بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند اقلیتی طلبہ، بالخصوص مسلمان، عیسائی، سکھ، جین، بدھ اور پارسی طلبہ کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، سنگاپور، جرمنی، جنوبی کوریا، جاپان، فرانس اور نیوزی لینڈ کی تسلیم شدہ یونیورسٹیوں میں یکم جولائی 2025 سے 31 ڈسمبر 2025 کے دوران پوسٹ گریجویٹ یا پی ایچ ڈی کورسز میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ اس اسکیم کے لیے اہل ہوں گے، بشرطیکہ وہ حکومت کی جانب سے مقررہ اہلیتی شرائط پر پورا اترتے ہوں۔
اہل امیدوار 19 جنوری 2026 شام 5 بجے تک سرکاری ویب سائٹ
www.telanganaepass.cgg.gov.in
کے ذریعے آن لائن درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ آن لائن درخواست کے بعد درخواست کی ہارڈ کاپی بمعہ ضروری دستاویزات ضلع اقلیتی بہبود دفتر، ورنگل میں 20 فروری 2026 تک داخل کرانا لازمی ہوگا۔
ضلع اقلیتی بہبود افسر نے مزید بتایا کہ اسکیم کے تحت منتخب طلبہ کو 20 لاکھ روپے تک اسکالرشپ فراہم کی جائے گی، اس کے علاوہ ایک طرفہ فضائی سفر کے لیے 60 ہزار روپے تک یا اصل کرایہ (جو بھی کم ہو) ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ دستاویزات کی جانچ کے دوران اگر کسی امیدوار کی جانب سے جعلی اسناد پیش کرنے کا انکشاف ہوا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم سے متعلق مکمل تفصیلات، عمر کی حد، تعلیمی اہلیت، سالانہ آمدنی کی حد اور دیگر ضروری معلومات ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ ضلع اقلیتی بہبود افسر نے ورنگل ضلع کے اہل اقلیتی طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس بہترین موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
مزید معلومات کے لیے ضلع اقلیتی بہبود دفتر، رادھا کرشنا کرانام کے اوپر (دوسری منزل)، سرکٹ ہاؤس روڈ، ہنمکنڈہ یا فون نمبر 9398860995 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
دستور نیوز ڈاٹ کام