Private school buses operating in violation of rules and without fitness should be seized! Left-wing student organizations have written a memorandum to Hanamkanda District Motor Vehicle Inspector Kishore Babu.
قواعد کی خلاف ورزی اور فٹنس کے بغیر چلنے والی نجی اسکولوں کی بسیں ضبط کی جائیں!بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں کا ہنمکنڈہ ضلع موٹر وہیکل انسپکٹر کشور بابو کو یادداشت

حیدرآباد/ہنمکنڈہ۔
(دستورنیو ز ڈاٹ کام)
بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں کی متحدہ مجلس عمل (Joint Action Committee) کے رہنماؤں نے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور فٹنس کے بغیر چلنے والی نجی اسکولوں کی بسوں کو فوری طور پر ضبط کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پیر کے روز، ہنمکنڈہ ضلع کے چنتگٹو میں واقع روڈ ٹرانسپورٹ آفس (RTO) میں ضلع موٹر وہیکل انسپکٹر (MVI) کشور بابو کو بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں کی جانب سے مطالبات پر مبنی ایک یادداشت پیش کی گئی۔
اس موقع پر طلبہ تنظیموں کے رہنماؤں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہنمکنڈہ ضلع کی حدود میں نجی اسکولوں کی بسیں حکومتی قوانین و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ نجی اسکولوں کی انتظامیہ محض 1 یا 2 بسوں کی RTO آفس سے فٹنس چیکنگ کروا کر، باقی 4 سے 20 تک فٹنس کے بغیر بسیں کھلے عام سڑکوں پر چلا رہی ہے، جس سے طلبہ کو کم سے کم تحفظ کے بغیر سفر کرنا پڑ رہا ہے۔رہنماؤں نے نشاندہی کی کہ نجی اسکولوں کی بسیں چلانے کے لیے حکومت کے تجویز کردہ 13 اصول و ضوابط کی پابندی ضروری ہے، لیکن نجی اسکول کسی بھی قاعدے پر عمل کیے بغیر من مانی کر رہے ہیں۔
انہوں نےکہا کچھ نجی اسکول اپنی بسوں کو اپنی جگہ پر پارک کرنے کے بجائے سڑکوں اور سرکاری جگہوں پر پارک کرتے ہیں، جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بسوں میں کم سے کم میڈیکل کٹس، اٹینڈنٹ، اور فائر سیفٹی آلات موجود نہیں ہیں۔ طلبہ کے بیٹھنے کی گنجائش کے برخلاف بسوں میں زیادہ لوڈ کے ساتھ طلبہ کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ بس ڈرائیوروں کی صبح و شام بریتھ اینالائزر (Breathalyzer) سے جانچ کیے بغیر بسیں چلائی جا رہی ہیں۔
طلبہ رہنماؤں نے یہ بھی سخت اعتراض کیا کہ نجی اسکول انتظامیہ بس ڈرائیوروں کے لائسنس اور دیگر دستاویزات کی جگہ کسی دوسرے شخص کے کاغذات متعلقہ حکام کو دکھا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، وہ کم از کم اجرت کے قانون کے مطابق تنخواہیں نہیں دے رہے اور پی ایف (PF) اور ای پی ایف (EPF) جیسی سہولیات فراہم نہ کرکے ڈرائیوروں کو دھوکہ دے رہے ہیں
⚠ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ٹرانسپورٹ حکام اور ریاستی حکومت فوری طور پر کارروائی کریں اور حکومتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی نجی اسکولوں کی بسوں کو فوراً ضبط (Seize) کریں۔ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں کی قیادت میں بڑے پیمانے پر تحریک شروع کی جائے گی۔اس موقع پر موجود رہنماؤں میں موگیلی وینکٹ ریڈی (PDSU)، گڈم ناگرجن (AIFDS)، ایم اے حکیم نوید (AISB)، باشا بوئینا سنتوش (AISF)، بی نرسمہا راؤ (PDSU)، منڈا سری کانت (SFI)، ماس ساوتری (AIFDS)، راچاکونڈا رنجیت (PDSU)، سری پتی ونے (AISF)، جسونت (SFI) اور پی انوشا (PDSU) شامل تھے۔