Successful MUSHAIRA ” organized by Tahreek-e-Qalam Warangal
تحریک قلم ورنگل کے زیر اہتمام شاندار و کامیاب "طرحی و غیر طرحی مشاعرہ

حیدرآباد/ہنمکنڈہ:-10/فروری
(دستور نیوز ڈا ٹ کام)
زیر اہتمام تحریک قلم ورنگل طرحی و غیر طرحی مشاعرہ بمقام اسلامک انفارمیشن سنٹر ‘ رائے پورہ ‘ ہنمکنڈہ میں کامیابی کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔مصرع طرح : ” صبح کے بھروسے پر شمع تو بجھا دی ہے ” تھی۔ اس مشاعرہ کی صدارت جناب محمد شاہ عالم ندوی فلاحی ‘ ناظم مدرسہ ریاض البنات ‘چنتل ورنگل و نائب صدر وفاق العلماء تلنگانہ نے فرمائی۔
ڈاکٹر رضا ملک خان صاحب ‘ اسو سیٹ پروفیسر ‘ گورنمنٹ میڈیکل کالج ‘ نرسم پیٹھ ‘ جناب الحاج محمد فیض الرحمن شکیل صاحب ‘ سابق امیر مقامی ‘ ہنمکنڈہ ‘ جناب سید خواجہ فرید الدین صاحب ‘ مدرس ‘ جی- ایچ- ایس ‘ چنتل ‘ ورنگل نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت فرمائی۔
مہمان شعراء ڈاکٹر نعیم سلیم( حیدرآباد ) ‘ جناب امجدسلیم امجد ( کریم نگر ) ‘ جناب راحل کریم نگر ی(کریم نگر)’ جناب سہیل کریم نگری ( کریم نگر )نے اپنا طرحی کلام سنا کر سماں باندھ دیا۔
میزبان شعراء جناب مسعود مرزا محشر، جناب ناصر واحدی، جناب حسینی برتر، جناب وحید گلشن، پروفیسر احمد حسین خیال ، جناب اندور عبدالقادر، جناب خواجہ کیفی نے اپنی طرحی غزلیں سنا کر خوب دادو تحسین حاصل کی۔ جناب اکبر ضیاء کی طرحی غزل کو جناب اختر حسین نے اپنی آواز دی اور بہترین ترنم میں پیش کیا۔ دوران مشاعرہ ڈاکٹر رحیم رامش اور محترمہ نعیمہ گوہر کی مرسلہ طرحی غزلیں بھی پڑھ کر سنائی گئیں۔
بعد ازاں غیر طرحی مشاعرہ کا آغاز ڈاکٹر شجیع اکبر کے نعتیہ اشعار سے ہوا۔ جناب سید نذیر احمد پرواز نے منتخب قطعات پیش کئے۔ محترمہ سعادت جہاں معز کی غیر طرحی غزل بھی سنائی گئی جس کے بعد جناب داؤد اسلوبی نے اپنا کلام پیش کیا۔
صدارتی خطاب سے قبل جناب سید خواجہ فرید الدین صاحب نے شاعری کی اہمیت اور اس کی کی تاثیر پر روشنی ڈالی۔ آخر میں صدر محترم نے انتہائی موثر اور دلچسپ انداز میں شاعری کی ضرورت و افادیت کے موضوع پر قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل جواز پیش کیا- مشاعرہ میں سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ آخر میں جناب ناصر واحدی ‘ ناظم مشاعرہ کے ہدیہ تشکر کے ساتھ ہی مشاعرہ کا کامیاب اختتام عمل میں آیا۔