حج کیلئے روانہ ہونے والے اساتذہ و سرکاری ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی سے مستثنی کرنے سوٹا کا مطالبہ
حیدرآباد:-25/اپریل
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن (سوٹا )تلنگانہ کی جانب سے صدر ڈاکٹر عبدالنعیم اور جنرل سیکرٹری ریاض احمد خان نے ریاستی الیکشن کمشنر وکاس راج سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی اور نمائندگی کی کہ عازمین حج کے فلائٹس کا اغاز 9 /مئی سے ہو رہا ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں پارلیمانی انتخابات 13 /مئی کو مقرر ہیں ۔

یہ مطالبہ کیا گیا کہ بہت سے اساتذہ اور سرکاری عہدہ داران حج کے لیے ریاستی کمیٹی کی جانب سے منتخب کیے جا چکے ہیں ایسے عازمین حج کو انتخابی ڈیوٹی سے مستثنی کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حج ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے اور حج کمیٹی کی جانب سے قرعہ اندازی کے ذریعے سے عازمین حج کا انتخاب کیا جاتا ہے لہذا وہ تمام اساتذہ اور سرکاری عہدہ داران جو حج 2024 کے لئے منتخب ہوچکے ہیں اورجنہوں نے حج کے لیے مکمل رقم بھی ادا کر دی ہے، انہیں الیکشن ڈیوٹی سے مستثنی کیا جائے تاکہ وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ سفر حج پر روانہ ہو سکیں۔
اسٹیٹ الیکشن کمشنر وکاس راج نے سوٹا وفد کے مطالبے کو بغور سماعت کرتے ہوئے ضروری اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔