جمعیتہ علماء تلنگانہ کا ایک روزہ ریاستی اجلاس، اصلاحِ معاشرہ اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور
Jamiat Ulema Telangana Holds One-Day State-Level Meeting, Emphasises Social Reform and National Unity
حیدرآباد:-
جمعیتہ علماء تلنگانہ کے اراکینِ عاملہ اور اہم ذمہ داران کا ایک روزہ اجلاس زیرِ صدارت حضرت مولانا شاہ سید احسان الدین صاحب مدظلہ قاسمی، صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ، بمقام مسجد زینت مؤمن ٹولی چوکی، حیدرآباد منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز حافظ و قاری محمد یونس علی خان، سکریٹری جمعیتہ علماء حیدرآباد کی قرأتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
اجلاس میں محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب، خادم جمعیتہ علماء تلنگانہ نے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر ضلع کو مثالی ضلع بنانے کے لیے جمعیتہ علماء کے اہم شعبہ جات جیسے اصلاحِ معاشرہ، قومی یکجہتی، جمعیتہ یوتھ کلب اور لیگل سیل کو اضلاع میں فعال اور مضبوط کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیتہ علماء ہند ہمیشہ مسلم معاشرے کی دینی و اخلاقی اصلاح کے لیے سرگرم رہی ہے، تاکہ معاشرہ منکرات و محرمات سے پاک ہو کر باعزت اور پُرسکون زندگی گزار سکے۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ریاست کے ہر ضلع میں اصلاحِ معاشرہ کی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی اور ہر ضلع میں ایک ناظم اصلاحِ معاشرہ مقرر ہوگا، جو ضلعی صدر کی نگرانی میں کام انجام دے گا۔ ریاستی ناظم اصلاحِ معاشرہ حضرت مفتی تقبل حسین صاحب مدظلہ، نائب صدر جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کی نگرانی میں عنقریب اصلاحِ معاشرہ کے ذمہ داران کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
اجلاس میں مذہبی منافرت اور فرقہ پرستی کے خاتمے کے لیے سدبھاؤنا سنسد کے تحت تمام مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ مل کر امن و بھائی چارہ قائم کرنے پر زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں نائب ناظم سدبھاؤنا سنسد مولانا نعیم کوثر رشادی صاحب، جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء ضلع محبوب نگر نے بتایا کہ منڈل، ضلع اور ریاستی سطح پر امن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور حیدرآباد میں برادرانِ وطن کے ساتھ ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس نے مذہبی منافرت کے سدباب کے لیے حکومت سے قانون سازی کا بھی مطالبہ کیا۔
جمعیتہ یوتھ کلب کے تحت آفات و حادثات کے موقع پر فرسٹ ایڈ اور راحت رسانی کے لیے والنٹیرس کو منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریاستی ناظم جمعیتہ یوتھ کلب حافظ و قاری محمد یونس علی خان کی قیادت میں حیدرآباد میں ایک روزہ ٹریننگ کیمپ منعقد کر کے عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ اسی طرح لیگل سیل کے فروغ کے لیے ہر ضلع سے مسلم وکلاء کو جوڑنے اور لائحہ عمل تیار کرنے کا اعلان کیا گیا۔
ابتدائی مرحلہ میں حیدرآباد، سنگاریڈی، میڑچل ملکاجگری، ورنگل، نظام آباد، وقارآباد، کریم نگر اور نلگنڈہ کو مثالی اضلاع قرار دیا گیا، جبکہ دیگر اضلاع کو دوسرے مرحلہ میں شامل کیا جائے گا۔ خواتین کے لیے ٹریننگ سنٹرس، حکومتی و ریاستی اسکیمات سے واقفیت، جاب میلہ اور شعور بیداری پروگراموں کے لیے بھی کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔
جمعیتہ علماء ہند کی ہدایت کے مطابق ریاستی جمعیتہ علماء کا سہ ماہی مشاورہ 28 مارچ 2026ء کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ریاستی بجٹ بھی پیش کیا گیا۔
اجلاس میں ریاستی و ضلعی ذمہ داران کی کثیر تعداد شریک رہی۔ صدر محترم کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں عزیز محمد عمر محی الدین، سکریٹری جمعیتہ علماء حیدرآباد اور مدرسہ دارالعلوم ٹولی چوکی کے طلبہ کی جانب سے مہمانوں کے لیے ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ آخر میں حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب نے تمام شرکاء، اراکینِ عاملہ اور مدرسہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
