ڈپریشن کی حالت میں سیرت رسول ؐ کا مطالعہ کیجئے : حضرت شاہ جمال الرحمن مفتاحی
تاریخ شاہد ہے کہ ظلم وستم کی عمر بہت قلیل ہوتی ہے : حضرت مولانا پی ایم مزمل
مدرسہ اسلامیہ ہدایت العلوم محبوبیہ تنکی میٹلہ، وقارآباد ضلع کا سالانہ اجلاس، اکابر علماء کا خطاب
حیدرآباد/وقارآباد :- 07 /فر وری
( سحر نیوز/ دستور نیوز ڈاٹ کام)
حضرت شاہ جمال الرحمن صاحب مفتاحی نےکہاکہ ہر صبح و شام موت کا پیغام، رونے بلکنے کے مناظر، ظلم وستم کے واقعات، بنیادی حقوق سے محرومی، یکطرفہ کارروائیاں،مسلم اقلیت کے ساتھ روز افزوں ناانصافیاں، مساجد اور دینی مراکز کے تئیں حکومت کا ظالمانہ رویہ! آج روز بہ روز ان باتوں کا مشاہدہ کرکے مسلمانوں کی اکثریت افسردہ، پست ہمت،مستقبل کےمتعلق غیر یقینی کیفیت کا شکار اور ذہنی تناؤ کاسامنا کر رہی ہے۔
حضرت شاہ جمال الرحمن صاحب مفتاحی نے مسلمانوں کو حوصلہ دیتے ہوئے تلقین کی کہ یاد رکھیں یہ سب کیفیات آپ کے مزاج اور طبیعت کا تقاضہ تو ہوسکتی ہیں لیکن یہ ایمان کا تقاضہ بالکل نہیں ہے۔حضرت مولانا نے کہا کہ آپ اس نبی اکرمؐ کے اُمتی ہیں جن کو اس سے بھی زیادہ سخت حالات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔لہذا ایسے ڈپریشن اور تناؤ والے حالات میں سیرت رسولؐ کا مطالعہ کیجئے انشااللہ ہمیں تسلی واطمینان بلکہ موجودہ حالات میں اچھی رہنمائیاں حاصل ہونگی۔

حضرت شاہ جمال الرحمن صاحب مفتاحی مدرسہ اسلامیہ ہدایت العلوم محبوبیہ بھمرس پیٹ، وقارآباد ضلع کے سالانہ اجلاس سےخطاب کر رہے تھے۔مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی ناظم مدرسہ اسلامیہ ہدایت العلوم محبوبیہ و صدر جمعیۃ علماء وقارآبادضلع کی زیر صدارت منعقدہ اس اجلاس سے اپنے خطاب میں حضرت شاہ جمال الرحمن صاحب نے مزید کہا کہ اللہ کے رسولؐ اور صحابہ کرامؓ نے اسلام کے ابتدائی دور میں جبکہ حالات آج سے کئی گنا زیادہ بد تر تھے صحابہ کرامؓ نے تین کاموں کو لازم پکڑا تھا۔اور آج بھی ہمیں ان پر عمل پیرا ہونے کی ضروت ہے”جو کہ حق پر ڈٹے رہنا، حق کو عوام تک پہنچانا (دعوت اسلام) اور اس تبلیغ اسلام کے نتیجے میں پیش آنے والے مصائب پر صبر کرنا ہے۔”
حضرت مولانا پی ایم مزمل صاحب نے اس سالانہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کی تاریخ کا مطالعہ کیجئے تو پتہ چلے گا کہ ظلم وستم اور انسانی جانوں کی ارزانی و اتلاف اور مذہب کی بنیاد پر ناانصافیاں ہر دؤر میں کی جاتی رہی ہیں لہذا ہمیں موجودہ حالات سے ہرگز افسردہ ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے کیونکہ جس طرح تاریک رات کے بعد صبح آتی ہے اس طرح ہر ظلم کا خاتمہ ہوکر حق و انصاف کا بول بالا ہوگا۔
محمد حنیف علی و برادرن صدر ٹرسٹ،مدرسہ اسلامیہ ہدایت العلوم محبوبیہ بھمرس پیٹ، وقارآباد ضلع کی زیر نگرانی اس جلسہ میں مدرسہ کے طلباء نے شاندارتعلیمی مظاہرہ پیش کیا اس موقع پر دونوں اکابر علماء و دیگر مقامی علماء وبزرگان کےہاتھوں مدرسہ کی تعمیر جدید کاسنگ بنیاد بھی رکھاگیا۔

مدرسہ اسلامیہ ہدایت العلوم محبوبیہ تنکی میٹلہ کے اس سالانہ اجلاس کی کارروائی مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء وقارآباد ضلع نے چلائی۔اس اجلاس میں ضلع وقارآباد کے چاروں اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور، کوڑنگل اور پرگی سے علماء کرام، عوام، مدرسہ کے ٹرسٹیان اور مقامی ذمہ داران و نیز مستورات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
بشکریہ سحر نیوز ڈاٹ کام