ورنگل میں عظیم الشان جلسۂ سیرتِ محسنِ انسانیت ﷺ، بلا تفریقِ مذہب خدمتِ انسانیت کا عزم
Grand Seerat-e-Mohsin-e-Insaniyat ﷺ Conference Held in Warangal Under Jamiat Ulama
ورنگل میں عظیم الشان جلسۂ سیرتِ محسنِ انسانیت ﷺ
جمعیت علماء کے زیرِ اہتمام روح پرور اجتماع، بلا تفریقِ مذہب خدمتِ انسانیت کا عزم
ورنگل، 8 /ستمبر (دستور نیوز):
جمعیت علماء ضلع ورنگل کے زیرِ اہتمام ’’سیرتِ محسنِ انسانیت ﷺ‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان اور روح پرور جلسۂ عام آبنوس فنکشن ہال، ایل بی نگر، ورنگل میں منعقد ہوا۔ جلسہ میں علماء کرام، ائمہ مساجد، ذمہ دارانِ جمعیت، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مقررین نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے امتِ مسلمہ کو تعلیماتِ نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی اور کہا کہ نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونۂ عمل اور مشعلِ راہ ہے۔
یہ عظیم الشان جلسہ حضرت مولانا محمد یوسف زاہد صاحب مظاہری دامت برکاتہم، سرپرست جمعیت علماء ضلع ورنگل، کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوا، جبکہ حضرت مولانا محمد عتیق الرحمن صاحب اسعدی دامت برکاتہم کی خصوصی حمایت حاصل رہی۔
جلسہ کی قیادت جمعیت علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا مفتی محمد محمود زبیر صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض جمعیت علماء ضلع ورنگل کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد منور حسین صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے بحسن و خوبی انجام دیے۔

جلسہ کے مہمانِ خصوصی، مرکزی جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند حضرت مولانا مفتی سید معصوم ثاقب صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے اپنے خطاب میں سیرتِ رسول اللہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی پوری حیاتِ مبارکہ انسانیت کے لیے رحمت، محبت، عدل، اخوت اور حسنِ سلوک کا عملی نمونہ ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے انسانوں کو رنگ، نسل، زبان اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کے بجائے عدل و انصاف، انسانی ہمدردی اور باہمی احترام کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء ہند کا بنیادی مقصد بھی خدمتِ خلق، امن، انصاف اور انسانیت کی فلاح و بہبود ہے۔ جمعیت علماء کسی مذہب یا طبقے کی تفریق کے بغیر ضرورت مند انسانوں کی خدمت کو اپنا دینی و ملی فریضہ سمجھتی ہے۔
ملک کے تمام طبقات کے لوگوں کے ساتھ خیرخواہی، مظلوموں کی مدد اور معاشرے میں امن و بھائی چارے کا فروغ جمعیت علماء کی دیرینہ خدمات کا حصہ رہا ہے۔
مہمانِ خصوصی نے مسلمانوں پر زور دیا کہ سیرتِ نبوی ﷺ کو محض جلسوں، بیانات اور تقریروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات، اخلاق، کردار، عدل و انصاف اور انسانیت نوازی کو عملی زندگی میں اپنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشرے کو محبت، رواداری، اخوت اور باہمی احترام کی اشد ضرورت ہے اور سیرتِ طیبہ ﷺ ہی انسانیت کو ان اعلیٰ اقدار کی روشن رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
جمعیت علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا مفتی محمد محمود زبیر صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیت علماء کا پلیٹ فارم ہمیشہ سے ملک و ملت کے ساتھ ساتھ پوری انسانیت کی خدمت کے لیے سرگرمِ عمل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کی مدد، مظلوموں اور بے سہارا افراد کی حمایت کو ترجیح دی ہے اور بلا تفریقِ مذہب و ملت خدمتِ خلق کو اپنا شعار بنایا ہے۔

مولانا محمد محمود زبیر قاسمی نے کہا کہ آج کی سب سے اہم ضرورت یہ ہے کہ نوجوان نسل سیرتِ طیبہ ﷺ سے اپنا تعلق مضبوط کرے اور نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی میں عملی طور پر نافذ کرے۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرے میں حقیقی امن، محبت، عدل و انصاف اور بھائی چارہ فروغ پا سکتا ہے۔
انہوں نے جمعیت علماء کے ذمہ داران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ خدمتِ انسانیت کے جذبے کو مزید مستحکم کرتے ہوئے اپنی فلاحی اور سماجی سرگرمیوں کو وسعت دیں اور ضرورت مندوں، مظلوموں اور بے سہارا افراد کی حتی المقدور مدد کو اپنا مقصد بنائیں۔
جلسہ کے دوران سیرتِ رسول اللہ ﷺ سے متعلق ایمان افروز اور اصلاحی بیانات سے حاضرین نے بھرپور استفادہ کیا۔ مقررین نے بالخصوص اخلاقِ نبوی ﷺ، عدل و انصاف، انسانی ہمدردی، رواداری اور خدمتِ خلق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
جلسہ کے اختتام پر ملک و ملت، امن و امان، باہمی اتحاد و اتفاق اور پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
جلسہ کو کامیاب بنانے میں جمعیت علماء ضلع ورنگل کے ذمہ داران، علماء کرام، کارکنان اور منتظمین نے نمایاں خدمات انجام دیں۔
دستور نیوز ڈاٹ کام