106th Annual Urs Mubarak of Hazrath Haji Saheb Qibla RH to Be Held in Warangal from September 10 to 13

106th Annual Urs Mubarak of Hazrath Haji Saheb Qibla RH to Be Held in Warangal from September 10 to 13

اضلاع کی خبریں
ورنگل میں حضرت حاجی صاحب قبلہؒ کا 106واں سالانہ عرس مبارک، 10 تا 13 ستمبر مذہبی تقریبات کا انعقاد
محفلِ نعت، جلوسِ صندل شریف، محفلِ سماع، فاتحہ خوانی اور لنگر کا اہتمام
106th Annual Urs Mubarak of Hazrath Haji Saheb Qibla RH to Be Held in Warangal from September 10 to 13

GOLDEN GUEST HOUSE LB NAGER WARANGAL

ورنگل، 9 /ستمبر
(دستور نیوز )

مولائی و ملجائی، ہادیٔ ملت، شیخ المشائخ، محسنِ ورنگل، پیر و مرشدی حضرت الحاج شاہ سید محمد حسینی قادری ملتانی چشتی صابری المعروف حضرت حاجی صاحب قبلہؒ کے 106ویں سالانہ عرس مبارک کی روح پرور تقریبات 10 تا 13 ستمبر 2026ء تک درگاہ حضرت حاجی صاحب قبلہؒ، شیرپورہ درگاہ، پاپیاہ پیٹ چمن، مٹھواڑہ، ورنگل میں منعقد ہوں گی۔

حضرت حاجی صاحب قبلہؒ ایک عظیم روحانی شخصیت اور سلسلۂ قادریہ، چشتیہ اور صابریہ سے وابستہ بزرگ تھے۔ آپؒ نے ورنگل میں دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات انجام دیں اور اسلامیہ کالج، ورنگل کے بانی کی حیثیت سے بھی آپ کی خدمات کو یاد کیا جاتا ہے۔

عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز 10 ستمبر بروز جمعرات ہوگا۔ بعد نماز مغرب غسل شریف اور قصیدہ بردہ شریف کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ بعد نماز عشاء محفلِ نعت و منقبت اور جلسۂ سیرتِ طیبہ و اولیائے کرام منعقد ہوگا۔ اس موقع پر صندل شریف کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

11 ستمبر بروز جمعہ مختلف مذہبی و روحانی تقریبات کا اہتمام ہوگا۔ بعد نماز عصر محفلِ سماع منعقد کی جائے گی، جبکہ بعد نماز مغرب جلوسِ صندل شریف برآمد ہوگا۔ بعد ازاں فاتحہ خوانی اور تناولِ تبرک کا اہتمام کیا جائے گا۔

12 ستمبر بروز ہفتہ عرس مبارک کی اہم تقریبات منعقد ہوں گی۔ بعد نماز عصر محفلِ نعت و منقبت کا انعقاد ہوگا، جبکہ بعد نماز مغرب عرس مبارک کی فاتحہ اور تناولِ تبرک ہوگا۔ بعد نماز عشاء جلوۂ عظمتِ مصطفیٰ ﷺ اور فیضانِ اولیائے کرام کے عنوان سے خصوصی روحانی پروگرام اور محفلِ سماع منعقد ہوگی۔

عرس مبارک کی محفلِ سماع کے لیے گوالیار کے معروف بین الاقوامی قوال کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے، جو رات تقریباً 9:30 بجے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

13 ستمبر بروز اتوار محفلِ سماع، ختمِ کلامِ مجید اور فاتحہ خوانی کی تقریبات منعقد ہوں گی، جبکہ بعد نماز ظہر سلام، فاتحہ اور تناولِ تبرک کا اہتمام کیا جائے گا۔

درگاہ انتظامیہ کی جانب سے تمام برادرانِ ملت، عقیدت مندوں اور اولیائے کرام سے محبت رکھنے والوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے روحانی فیوض و برکات حاصل کریں اور انتظامیہ کو ممنون فرمائیں۔

تقریبات کی نگرانی اور انتظامات سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت حاجی صاحب قبلہؒ کی سرپرستی میں انجام دیے جا رہے ہیں۔

مقام: درگاہ حضرت حاجی صاحب قبلہؒ، شیرپورہ درگاہ، پاپیاہ پیٹ چمن، مٹے واڑہ، ورنگل۔

دستور نیوز