Teachers felicitate Hajj pilgrims in Hanamkonda.
ہنمکنڈہ میں اساتذہ کرام عازمین حج کی تہنیتی تقریب۔
خواجہ عظیم الدین،خواجہ معین الدین،عبدالمنان اور دیگر کا خطاب۔

حیدرآباد/ورنگل:- /10مئی
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
نکل گٹہ ہنمکنڈہ میں واقع ہوٹل پپاڈمس بلو کانفرنس ہال میں آج حج کو روانہ ہونے والے اساتذہ کرام اور دیگر عازمین حج کی تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس تقریب کا اہتمام اساتذہ کرام کی جانب سے کیا گیا۔
اساتذہ عازمین حج جن میں محمد اسماعیل،محمد عبدالمجید،سید اشرف اور محمد امجد علی شامل ہیں۔ اس موقع پر خواجہ عظیم الدین موظف مدرس نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انہیں عازمین حج کی تہنیت کرتے ہوئے بڑی مسرت ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ادائیگی حج ایک عظیم لمحہ ہے خوش نصیب ہیں وہ فرد جنھیں اللہ تعالی کے گھر کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حج و عمرہ کرنے والے اللہ تعالی ٰ کے مہمان ہوتے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر تمام عازمین حج کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا

۔جناب محمد خواجہ معین الدین موظف ٹیچر نے کہا کہ سفر حج کا مقصد ایک فرض کا اداکرنا،گناہوں سے معافی مانگنا،اپنے نفس کو پاک کرنا اور اب تک کی زندگی میں کئے جانے والے اعمال پر توبہ کرکے باقی عمر اسلامی احکامات کے مطابق گزارنے کا عزم کرنا ہے۔جناب محمد عبدالمنا ن موظف مدرس نے کہا کہ یہ سفر شروع سے آخرتک نہ صرف ایک عبادت بلکہ تمام جسمانی اور مالی عبادتوں کا مجموعہ ہے۔اس سفر کا واحد مقصد صرف اور صرف عبادت ہے۔انہوں نے کہاکہ حرمین شریفین میں گزارا جانے والا ایک ایک پل بیش قیمت اور انمول ہے۔انہوں نے عازمین حج سے خواہش کی کہ وہ عبادتوں میں مشغول رہیں۔
جناب محمد طالب محی الدین مدرس نے کہاکہ حج کی قبولیت کے لئے ضروری ہے کہ سفر حج کے دوران حقوق اللہ اور حقوق العباد کا خیال رکھا جائے۔عاجزی و انکساری کو اپنا شعار بنائیں۔تمام اعمال کو اسلامی احکامات کے مطابق انجام دینے کی کوشش کریں۔اس موقع پرمحمد سلیم پاشاہ اور سید افسر قریشی و دیگر حضرات موجود تھے۔