Jamaat-e-Islami Telangana Amir Muhammad Azharuddin Expresses Condolences on the Demise of Maulana Mufti Sadiq Mohiuddin Faheem
مولانا مفتی صادق محی الدین فہیمؒ کے انتقال پر امیر حلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ محمد اظہرالدین کا اظہارِ تعزیت
حیدرآباد:17/نومبر
(دستور نیوز)
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین نے جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے معروف عالمِ دین مولانا مفتی صادق محی الدین فہیمؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملتِ اسلامیہ اور علمی و دینی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں محمد اظہرالدین نے کہا کہ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیمؒ ایک باوقار، صاحبِ علم، متقی اور منکسر المزاج شخصیت کے حامل تھے۔ علمِ دین کی اشاعت، دینی رہنمائی اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی شخصیت علم و عمل، اخلاص، تقویٰ، سادگی اور اعلیٰ اخلاق کا حسین امتزاج تھی۔ ملک کے علمی و دینی حلقوں میں انہیں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم مولانا مفتی صادق محی الدین فہیمؒ جماعت اسلامی ہند کی دینی، دعوتی اور اصلاحی سرگرمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے اور جماعت کے کاموں میں خصوصی دلچسپی رکھتے تھے۔ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے منعقدہ مختلف پروگراموں اور اجتماعات میں انہوں نے متعدد مرتبہ شرکت فرمائی۔ یہاں تک کہ ناسازیٔ صحت کے باوجود جماعت کی دعوت قبول کرتے ہوئے پروگراموں میں تشریف لاتے اور اپنے قیمتی مشوروں اور دعاؤں سے نوازتے تھے۔
محمد اظہرالدین نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند کے قائدین اور ذمہ داران کے ساتھ مرحوم کے خوشگوار اور مخلصانہ تعلقات تھے۔ ان کی شفقت، محبت اور حوصلہ افزائی جماعت کے ذمہ داران کے لیے ہمیشہ باعثِ قدر و افتخار رہی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیمؒ کی رحلت سے ریاست تلنگانہ ایک ایسی ممتاز علمی و دینی شخصیت سے محروم ہوگئی ہے، جس کی کمی ایک طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔ اہلِ علم کی وفات درحقیقت علم و حکمت کے ایک روشن چراغ کے بجھ جانے کے مترادف ہے، جس سے معاشرے میں ایک بڑا علمی اور روحانی خلا پیدا ہوتا ہے۔
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند نے مرحوم کی دینی، علمی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے تمام متعلقین، شاگردوں، عقیدت مندوں اور اہلِ خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملت کے افراد سے اپیل کی کہ مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کریں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیمؒ کی تمام دینی و علمی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ نیز پسماندگان، متعلقین، شاگردوں اور عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
dastoornews.com