Interfaith Conference in Hyderabad | Jamaat-e-Islami Hind Expo

Interfaith Leaders Unite for Peace and Harmony at Jamaat-e-Islami Hind Expo in Hyderabad

تلنگانہ قومی

Interfaith Leaders Unite for Peace and Harmony at Jamaat-e-Islami Hind Expo in Hyderabad
جماعت اسلامی ہند، عظیم تر حیدرآباد کی ایکسپو کے دوسرے دن بین المذاہب کانفرنس؛ مختلف مذاہب کے مذہبی رہنماؤں نے ایک پلیٹ فارم سے دیا اتحاد و ہم آہنگی کا پیغام

حیدرآباد، 31 اکتوبر
(دستورنیوز )

ملک میں مذہبی رواداری، قومی یکجہتی، امن و ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے مقصد سے جماعت اسلامی ہند، عظیم تر حیدرآباد کے زیرِ اہتمام نامپلی نمائش میدان میں جاری تین روزہ نمائش ’’Beyond the Divide – نفرت کا مقابلہ، ہم آہنگی کی تعمیر‘‘ کے دوسرے دن ایک خصوصی بین المذاہب کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی پیشواؤں، دانشوروں اور سماجی شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے مذہب کے نام پر پھیلنے والی نفرتوں کے خاتمے اور باہمی احترام و اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

ہفتہ کی شام منعقدہ اس کانفرنس میں چکّور بالاجی دیواستھانم کے پجاری شری سی ایس رنگاراجن، حیدرآباد آرچ ڈایوسیس کے ریورنڈ فادر سمالا مریانہ مائیکل، سکھ ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے کنوینر ڈاکٹر سردار سجن سنگھ، مہابودھی سوسائٹی کے ڈائریکٹر بھکّھو بدھ پالا، بھارتیہ سرو دھرم سنسد کے قومی کنوینر گوسوامی سشیل جی مہاراج، ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر شری روہیداس واگھمارے، مہاسوامی شری ما۔ نی۔ پر۔ کورنیشور اور نائب امیر جماعت اسلامی ہند پروفیسر محمد سلیم انجینئر سمیت مختلف مذاہب کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

Interfaith Conference in Hyderabad | Jamaat-e-Islami Hind Expo

تمام مذاہب کی بنیادی تعلیمات امن اور انسانیت

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہندوستان کی تہذیب اور تاریخ مختلف مذاہب، زبانوں اور ثقافتوں کے امتزاج سے تشکیل پائی ہے اور یہی تنوع ملک کی اصل طاقت ہے۔ تمام مذاہب انسانیت، امن، محبت، بھائی چارے، خدمت خلق، انصاف اور سچائی کا درس دیتے ہیں۔ ایک دوسرے کے مذہبی عقائد اور روایات کا احترام کرتے ہوئے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی ہند پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف مذہبی طبقات کے درمیان مکالمے اور ایک دوسرے سے واقفیت کی کمی کے نتیجے میں شکوک و شبہات اور دوریاں پیدا ہوتی ہیں۔ ایسے میں مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا، ایک دوسرے کے خیالات کو سننا اور مثبت گفتگو کے مواقع پیدا کرنا سماجی اتحاد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے انسانی خدمت، غریبوں کے تئیں ہمدردی، انصاف اور سچائی جیسی مشترکہ انسانی اقدار کو عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Interfaith Conference in Hyderabad | Jamaat-e-Islami Hind Expo

نفرت کے بجائے ہم آہنگی کو فروغ دینا ایکسپو کا مقصد

امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہر الدین نے کہا کہ ’’Beyond the Divide‘‘ نمائش کے انعقاد کا بنیادی مقصد مختلف مذاہب اور سماجی طبقات کے درمیان موجود غلط فہمیوں کو دور کرنا اور نفرت کے بجائے باہمی احترام و ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرنا ہے۔

ناظم شہر جماعت اسلامی ہند، عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر محمد مبشر احمد نے کہا کہ اس بین المذاہب کانفرنس نے یہ پیغام نمایاں کیا ہے کہ مذہبی اختلافات کے باوجود انسانیت اور باہمی احترام کی بنیاد پر ایک پُرامن اور متحد معاشرے کی تعمیر ممکن ہے۔

تلگو مترجم قرآن جناب محمد عزیز الرحمن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذہب انسانوں کو تقسیم کرنے کے لیے نہیں بلکہ انہیں انسانیت کے رشتے میں جوڑنے کا ذریعہ ہے۔ محبت، ہمدردی، خدمت، انصاف اور ایک دوسرے کا احترام تمام مذاہب کی مشترکہ تعلیمات ہیں۔

یکم نومبر کو ایکسپو کا اختتامی پروگرام

منتظمین کے مطابق تین روزہ یہ نمائش اتوار، یکم نومبر کو بھی دوپہر 12:30 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گی۔ آخری دن اختتامی سیشن کے علاوہ تاریخ پر ایک خصوصی ہسٹری سیشن بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں جماعت اسلامی ہند کے ذمہ داران کے علاوہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی ممتاز سماجی و علمی شخصیات، دانشوران، مؤرخین اور یونیورسٹیوں کے پروفیسرز خطاب کریں گے۔

منتظمین نے عوام الناس، بالخصوص مرد و خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نمائش اور خصوصی نشستوں میں شرکت کرتے ہوئے بین المذاہب مکالمے، قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے اس پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

dastoornews.com

 

۔