بیٹی رحمتِ خداوندی — نعیمہ گوہر کے اردو افسانچے کا تھمب نیل

بیٹی رحمتِ خداوندی — نعیمہ گوہر کا سبق آموز افسانچہ

سخن سرائے

بیٹی رحمتِ خداوندی

افسانچہ
از قلم: نعیمہ گوہر
 تلنگانہ — ورنگل

بیٹی رحمتِ خداوندی — نعیمہ گوہر کے اردو افسانچے کا تھمب نیل

 

’’اماں! کبھی تو رحم کریں۔ بیٹی ہو یا بیٹا، یہ سب اللہ کی مرضی سے ہوتا ہے، جس پر ہمیں راضی بہ رضا رہنا چاہیے۔‘‘

بہو نے ایک بار پھر اپنی ساس کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن ساس پر اس کی باتوں کا کوئی اثر نہ ہوا۔ وہ غصے سے بولیں:

’’نہیں! مجھے اس بار خاندان کا وارث چاہیے، وارث! وارث! وارث ہی چاہیے! سنا تم نے؟‘‘

پھر ہونا کیا تھا؟ وہی ہوا جو قدرت کو منظور تھا۔ بہو نے ایک بار پھر بیٹی کو جنم دیا۔ اس کے بعد اسے آئے دن طعنے اور دھمکیاں سننے کو ملتیں۔ بیٹے کی خواہش کا جنون اس قدر بڑھ گیا کہ ایک دن ساس نے تمام حدیں پار کرتے ہوئے، اپنے بیٹے کی غیر موجودگی میں، بہو کو گھر سے نکال دیا۔ انہیں خاندان کا وارث چاہیے تھا، اس لیے وہ اس معصوم بچی کو اللہ کی رحمت سمجھنے کے بجائے بوجھ تصور کرنے لگیں۔

لیکن اس بے قصور ماں نے ہمت نہیں ہاری۔ قدرت کی اس حسین عطا کو سینے سے لگاتے ہوئے اس نے مسکرا کر عزم کیا کہ یہی بیٹی اس کا سرور بھی ہوگی اور غرور بھی۔

اسی یقین، ہمت اور حوصلے کے ساتھ اس نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔ اپنے ہنر کو آزمایا اور محنت میں دن رات ایک کردیے۔ سلائی، پکوان اور جو بھی کام میسر آیا، اس نے پوری لگن کے ساتھ انجام دیا۔ اس کی زندگی کا ایک ہی مقصد تھا کہ اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دلاکر معاشرے میں ایک باوقار مقام عطا کرے۔

اس نے اپنی بیٹیوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ انسانیت، اخلاق اور دوسروں کے دکھ درد کو سمجھنے کا درس بھی دیا۔ وقت گزرتا گیا اور اس کی محنت و قربانی رنگ لائی۔ اس کی بیٹیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے شہر کی معروف اور کامیاب ڈاکٹر اور وکیل بن گئیں۔

***

’’ڈاکٹر عذرا! مریضہ کی حالت بہت نازک ہے، آپ جلد تشریف لے آئیے۔‘‘

فون پر کسی نے اطلاع دی۔

’’جی، میں ابھی آتی ہوں۔‘‘ ڈاکٹر عذرا نے جواب دیا اور فوراً مریضہ کے پاس پہنچ گئیں۔

مریضہ کی فائل کا بغور جائزہ لیتے ہوئے اچانک ان کی نظر اس میں رکھی ایک تصویر پر پڑی۔ تصویر میں ایک ماں اپنے بیٹے، یعنی خاندان کے نام نہاد وارث، کے ساتھ بڑے فخر اور غرور کے انداز میں کھڑی تھی۔

تصویر دیکھتے ہی ڈاکٹر عذرا چند لمحوں کے لیے ٹھٹھک گئیں۔ وہ مریضہ کوئی اور نہیں، ان کی اپنی دادی تھیں!

وہی دادی جنہوں نے کبھی بیٹے کی خواہش میں اپنی بہو اور پوتی کو گھر سے نکال دیا تھا۔ آج وہ خود زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھیں اور ایسے حالات میں اسپتال پہنچائی گئی تھیں، جہاں انہیں اپنے نام نہاد وارث کے بجائے دوسروں کی مدد اور نگہداشت کی ضرورت تھی۔

ڈاکٹر عذرا نے ایک لمحے کے لیے ماضی کو یاد کیا، مگر اگلے ہی لمحے ان کے پیشِ نظر ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری تھی۔

انہوں نے اپنی دادی کو نہایت ادب، شفقت اور مہربانی بھری نظروں سے دیکھا اور عملے کو ہدایت دی:

’’انہیں اسپیشل کیئر یونٹ میں منتقل کردیا جائے۔ جب تک یہ صحت یاب نہ ہوجائیں، ان کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی لاپروائی نہ برتی جائے۔ ان کے علاج اور نگہداشت کا پورا خیال رکھا جائے۔‘‘

اپنی ہدایات دینے کے بعد ڈاکٹر عذرا نے دوسری مریضہ کی فائل اٹھائی اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے آگے بڑھ گئیں۔

**وہ ڈاکٹر عذرا تھیں!**

ایک ایسی بیٹی جس نے اپنی ماں کی محنت، قربانی اور تربیت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ایک ایسی انسان جس نے ماضی کی تلخیوں سے بلند ہوکر انسانیت کی خدمت کو اپنا فرض سمجھا۔

وہ اپنے خاندان ہی کا سہارا نہیں تھیں، بلکہ نہ جانے کتنے خاندانوں کی امید، کتنے مریضوں کی مسیحا اور کتنے لوگوں کی زندگی میں روشنی کی کرن تھیں۔

**ڈاکٹر عذرا!**

واقعی، بیٹیاں بوجھ نہیں ہوتیں۔ وہ رحمت ہوتی ہیں، محبت ہوتی ہیں، خاندان کا فخر ہوتی ہیں اور موقع ملنے پر معاشرے کی سب سے بڑی طاقت بھی ثابت ہوتی ہیں۔

🌷 **بیٹی، بے شک رحمتِ خداوندی ہے!** 🌷