DCP Raja Mahendra Naik, Muhammad Jamal Shareef Advocate,

7th Grand Milad-un-Nabi ﷺ Gathering and Naatia Mushaira Held in Jangaon by Momin Youth Charitable Trust

اضلاع کی خبریں
جنگاؤں میں مومن یوتھ چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام ساتواں عظیم الشان جلسۂ میلاد النبی ﷺ و نعتیہ مشاعرہ
7th Grand Milad-un-Nabi ﷺ Gathering and Naatia Mushaira Held in Jangaon by Momin Youth Charitable Trust
GOLDEN GUEST HOUSE LB NAGER WARANGAL
جنگاؤں، 6 /ستمبر
(دستور نیوز)

مومن یوتھ چیریٹیبل ٹرسٹ، جنگاؤں کے زیرِ اہتمام ساتواں عظیم الشان جلسۂ میلاد النبی ﷺ اور نعتیہ مشاعرہ نہایت عقیدت، احترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ یہ بابرکت پروگرام 4 ستمبر، بروز جمعرات بعد نمازِ مغرب، ایک مینار چوراستہ، گرنی گڈہ، جنگاؤں میں منعقد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کرتے ہوئے حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات سے استفادہ کیا۔

جلسہ کی صدارت جناب مجیب الرحمن، سکریٹری و کرسپانڈنٹ، رحمان بی ایڈ کالج، جنگاؤں نے کی۔ جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے راجہ مہیندر نائک، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (IPS)، جنگاؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر جنگاؤں ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کی صدر لکاوت دھنونتی، پی سی سی ممبر ڈاکٹر لکشمی نارائنا نائک، کونسلرس لوک منتھ ریڈی اور سی ایچ کروناکر ریڈی، جنگاؤں ٹاؤن کانگریس صدر وینکٹیشورلو، سابق کونسلر میڈے سرینواس اور پروگرام کے کنوینر و مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی کے صدر محمد جمال شریف ایڈووکیٹ سمیت متعدد سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات موجود تھیں۔

جلسہ میں مفتی غوث الدین، مولانا عبدالحفیظ قاسمی، مولانا عبدالرحمن، مفتی انصار، مفتی مصطفیٰ رضا، مولانا عبدالرشید، مولانا امان اللہ، ڈاکٹر سید مخدوم، وحید گلشن اور ادریس میمن سمیت متعدد علمائے کرام نے شرکت کی۔

ڈی سی پی راجہ مہیندر نائک کا خطاب

DCP Raja Mahendra Naik, Muhammad Jamal Shareef Advocate,

جلسۂ میلاد النبی ﷺ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈی سی پی راجہ مہیندر نائک نے کہا کہ جنگاؤں امن، شانتی اور ہندو مسلم بھائی چارے کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال پابندی کے ساتھ میلاد النبی ﷺ کا پروگرام منعقد کرنا قابلِ ستائش اور مبارکباد ہے۔

انہوں نے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی منشیات، ڈرگس، آن لائن گیمز اور سوشل میڈیا کی منفی عادتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنی صحت اور مستقبل کو نقصان پہنچانے والے کاموں سے دور رہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو محنت، تجارت اور مثبت سرگرمیوں کی طرف توجہ دینے کی تلقین کی۔

ڈی سی پی نے کہا کہ غیر ضروری تنازعات اور مقدمات میں ملوث ہونے سے نوجوانوں کا مستقبل متاثر ہوسکتا ہے، اس لیے ہر برے کام سے دور رہتے ہوئے اچھے کاموں کے ذریعے اپنی زندگی کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص نوجوانوں کو غلط راستے پر لے جانے کی کوشش کرے تو اس کی اطلاع پولیس کو دی جائے۔

علمائے کرام کے خطابات

ڈاکٹر سید مخدوم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر عمل کرنا ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ نبی کریم ﷺ نے انسانوں کو سادہ، باوقار اور بہترین زندگی گزارنے کا طریقہ سکھایا۔

مولانا عبدالحفیظ قاسمی نے کہا کہ مسلمانوں کو چھوٹے اور بڑے تمام گناہوں سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ ایک دن سب کو اللہ تعالیٰ کے حضور حاضر ہوکر اپنے اعمال کا حساب دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔

مفتی مصطفیٰ رضا نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی مبارک زندگی پوری امت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ جبکہ مفتی غوث الدین نے مسلمانوں کو بری عادتوں اور گناہوں سے بچنے اور پانچ وقت کی نماز کی پابندی کرنے کی تلقین کی۔

پروگرام کے کنوینر اور مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی کے صدر محمد جمال شریف ایڈووکیٹ نے کہا کہ جلسے میں عوام کی بھرپور شرکت حضور اکرم ﷺ سے سچی محبت اور عقیدت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے امت کو اتحاد اور یکجہتی کی تعلیم دی ہے اور مسلمانوں کو قرآن و حدیث کی روشنی میں اپنی زندگی گزارنی چاہیے۔

نعتیہ مشاعرہ نے سماں باندھ دیا

علمائے کرام کے خطابات کے بعد نعتیہ مشاعرہ کا آغاز ہوا، جس کی نظامت معروف نعت خواں و شاعر وحید گلشن، ورنگل نے کی۔

اس موقع پر ٹپیکل جگتیالی، ڈاکٹر رحیم رامش، امجد سلیم کریم نگر، خواجہ مجتہد الدین، محمد سمیر رضا اور انس سمیت دیگر شعرائے کرام نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیا۔

نعتیہ مشاعرہ میں پیش کیے گئے کلام کو سامعین نے بے حد پسند کیا۔ بالخصوص وحید گلشن اور ٹپیکل جگتیالی کے کلام کو بھرپور داد و تحسین حاصل ہوئی اور سامعین نے ان سے دوبارہ کلام سنانے کی درخواست بھی کی۔

صدرِ جلسہ جناب مجیب الرحمن نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کے ایسے بابرکت اجتماعات سے روحانی خوشی اور دینی شعور حاصل ہوتا ہے۔

آخر میں محمد جمال شریف ایڈووکیٹ نے تمام مہمانوں، علمائے کرام، شعرائے کرام اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت کے باعث ساتواں جلسۂ میلاد النبی ﷺ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

جلسہ رات تقریباً 11:30 بجے اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد ایک مینار مکہ مسجد میں نمازِ عشاء ادا کی گئی اور تمام شرکائے جلسہ کے لیے طعام کا خصوصی انتظام کیا گیا۔

پروگرام کے کنوینرس محمد رافع متین ایڈووکیٹ، محمد علیم، طارق الٰہی، محمد شاہنواز، عبدالمنان رازی اور سلمان نے بہترین انتظامات کرتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

dastoornews.com