mlc basva raju sariya

MLC Basvaraju Saraiah Calls for Special Focus on Public Distribution System

اضلاع کی خبریں
MLC Basvaraju Saraiah Calls for Special Focus on Public Distribution System
عوامی نظامِ تقسیم پر خصوصی توجہ دی جائے: ایم ایل سی بسواراجو سرایا

 

ورنگل، 7 اگست:
(دستور نیوز )

ضلع کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں جمعہ کے روز ضلع سطح کی ویجیلنس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ایل سی بسواراجو سرایا نے شرکت کی اور عوامی نظامِ تقسیم (PDS) کے تحت تمام مستحقین کو مقررہ وقت پر ضروری اشیائے خوردونوش کی مناسب اور شفاف فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔

ایم ایل سی بسواراجو سرایا نے کہا کہ مستحقین کو راشن کی بروقت فراہمی کے لیے عہدیدار مضبوط نگرانی کا نظام قائم کریں۔ انہوں نے عوامی نظامِ تقسیم میں شفافیت اور جواب دہی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے قومی غذائی تحفظ قانون 2013 کے نفاذ، عوامی نظامِ تقسیم (PDS) اور مربوط اطفال ترقیاتی خدمات (ICDS) سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا۔

عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع کے 13 منڈلوں میں 509 راشن دکانیں قائم ہیں، جبکہ ضلع میں 2,96,929 راشن کارڈس اور 8,94,791 یونٹس موجود ہیں۔ اگست، ستمبر اور اکتوبر کے لیے 16,906.392 میٹرک ٹن باریک چاول مختص کیے گئے ہیں۔

عہدیداروں نے مزید بتایا کہ حال ہی میں 29,772 نئے راشن کارڈس جاری کیے گئے، جن کے تحت 93,825 یونٹس شامل ہیں۔

 

mlc basva raju sariya

ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے راشن دکانوں میں چاول اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور صحیح وزن کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل معائنے کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کم وزن دینے، اشیائے راشن کی غیر قانونی منتقلی اور دیگر شکایات پر فوری کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا۔

اجلاس میں آنگن واڑی مراکز کے انتظام، اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر ریونیو جی سندھیارانی، زیڈ پی سی ای او رام ریڈی، ڈی سی ایس او کرشٹیا، ورنگل و نرسَم پیٹ کے آر ڈی اوز سوما اور اومارانی، ڈی آر ڈی او ناگ پدمجا، ڈی ایم او، ڈی سی ایس ڈی او، ڈی ڈبلیو او، ڈی ای او، ڈی ٹی ڈی ڈبلیو او، ڈی ایل ایم او، ڈی ایم سی ایس سندھیارانی، فیئر پرائس شاپ ڈیلرس کے نمائندے، کمیٹی ارکان اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

دستور نیوز
akbar zia ..
dastoornews.com